پولیس کے ذریعہ ارکان خاندان کی تفصیلات اور رہائشی پتے نوٹ کئے جارہے ہیں،یونین کا انتباہ
حیدرآباد 6 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت ہڑتالی جونیر ڈاکٹرس کے اختیار کردہ سخت گیر موقف کے خلاف ان جونیر ڈاکٹرس کو ہراساں کرنے کے نت نئے طریقے کار اختیار کررہی ہے۔ ہڑتالی جونیر ڈاکٹرس اسو سی ایشن کے ذرائع نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ یکطرفہ ہڑتالی جونیر ڈاکٹرس کے دیرینہ حل طلب مسائل کی فوری یکسوئی کرنے سے اپنی دلچسپی کا اظہار کرکے خوش کن تیقنات دے رہی ہے تو دوسری طرف حکومت پولیس بالخصوص اسپیشل برانچ پولیس شعبہ کے ذریعہ جونیر ڈاکٹرس کی رہائش گاہوں اور ان کے وطن کا پتہ چلا رہی ہے یہاں تک کہ جونیر ڈاکٹرس کے سر پرستوں یعنی والدین وغیرہ کی تفصیلات اکٹھا کر کے اور ان کے فون نمبرات حاصل کر کے انہیں ( ماں باپ وغیرہ کو ) ان کے بچوں ( جونیر ڈاکٹرس) کے تعلق سے سخت انتباہ دینے کی کوشش کررہی ہے ۔بتایا جاتا ہیکہ حکومت کی جانب سے ان کے (جونیر ڈاکٹروں کے ) مستقبل کے تعلق سے خوف زدہ کیا جارہا ہے۔ جونیر ڈاکٹرس اسو سی ایشن ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ تلنگانہ حکومت کی ان کوششوں کی مختلف گوشوں سے سخت مذمت کی جارہی ہے کیونکہ سابق میں اس طرح کی ہڑتال سے کہیں زیادہ ہی سخت انداز میں احتجاج اور ہڑتال کی گئی لیکن کسی حکومت نے بھی اس طرح کی کوشش نہیں کی ۔ اسی ذرائع نے بتایا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ اس طرح کی بزدلانہ حرکتوں سے باز آجائے ۔ بصورت دیگر جونیر ڈاکٹرس اپنے احتجاج میںشدت پیدا کرکے حکومت کی ان مذموم کوششوں کو بے نقاب کرنے کا سخت انتباہ دیا ۔