وزیر لیبر این نرسمہا ریڈی کی یونین قائدین سے بات چیت
حیدرآباد۔6جولائی ( سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے میونسپل ورکرس کے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی کیلئے تیار ہے اور بہت جلد مثبت اقدامات کرے گی ۔ اس سلسلہ میں وزیر داخلہ و لیبر مسٹر این نرسمہا ریڈی نے آج دن میں جی ایچ ایم سی میونسپل ورکرس قائدین کے ساتھ اجلاس طلب کیا تھا اور بات چیت کے ذریعہ مسائل کی یکسوئی کیلئے کوشش کی لیکن میونسپل ورکرس اور قائدین نے حکومت کے تیقن پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اپنے موقف پر برقرار رہے ۔ تاہم اجلاس کے اختتام پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ و لیبر مسٹر این نرسمہا ریڈی نے کہا کہ میونسپل ورکرس نے اپنے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی کا مطالبہ کرتے ہوئے ہڑتال کا آغاز کرنے کے باعث حکومت تلنگانہ نے ہڑتال کو ختم کروانے کیلئے اقدامات کا آغاز کیا اور اس کے ایک حصہ کے طور پر مسٹر این نرسمہا ریڈی نے میونسپل ورکرس یونین قائدین کے ساتھ اجلاس طلب کر کے بات چیت کی لیکن بات چیت کامیاب نہیں ہوسکی۔ مسٹر نرسمہا ریڈی نے میونسپل ورکرس کے دیرینہ حل طلب مسائل کی حکومت کی جانب سے حل کرنے کا تیقن دیا اور میونسپل ورکرس سے ہڑتال ختم کرنے کی خواہش کی اور کہا کہ ہڑتال کرنے سے اپنے مسائل کی یکسوئی ہونی چاہیئے نہ کہ مسائل مزید پیچیدہ ہوں ۔ اس موقع پر نوٹ کے عوض ووٹ معاملہ میں رکن اسمبلی مسٹر ایس وینکٹ ویریا کی اے سی بی کی جانب سے گرفتاری سے متعلق اخباری نمائندوں کے پوچھے گئے سوال کا جواب دینے سے وزیر داخلہ نے گریز کیا ۔گریٹر حیدرآبادمیونسپل کارپوریشن کے تقریباً 2400 ملازمین اپنے مختلف مطالبات کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے یہ ہڑتال کررہے ہیں ۔ اس ہڑتال میں کنٹراکٹ ملازمین بھی شامل ہوگئے ہیں ۔۰