ہورڈنگس کی جگہ ایل ای ڈی ہورڈنگس نصب کرنے کی تجویز

عمارتوں کا جائزہ ، ایجنسیوں کو بقایا جات ادا کرنے نوٹسوں کی اجرائی
حیدرآباد۔6نومبر(سیاست نیوز) حیدرآباد میں موجود ہورڈنگس کو جی ایچ ایم سی کی جانب سے نکال دیئے جانے کے متعلق غور کیا جا رہا ہے کیونکہ بلدی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ شہر میں لگائے گئے ہورڈنگس کے ذریعہ آمدنی میں گراوٹ ریکارڈ کی جارہی ہے اور جو ایجنسیاں ہورڈنگس حاصل کئے ہوئے ہیں وہ بقایا جات کی ادائیگی نہیں کر رہی ہیں جس کے سبب بلدیہ نے بیشتر ہورڈنگس حاصل کرنیو الی ایجنسیوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں فوری بقایاجات اداکرنے یا پھر ہورٹنگ پر اشتہار نہ لگانے کا انتباہ دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے شہر میں موجود تمام ہورڈنگس کو نکالتے ہوئے ان کی جگہ ایل ای ڈی ہورڈنگس کی تنصیب یا عصری خوبصورت ہورڈنگس کی تنصیب کے ذریعہ انہیں بھاری قیمتوں میں کرایہ پر دینے پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی آمدنی میں اضافہ ہوسکے۔ عہدیداروں نے اس سلسلہ میں تیار کردہ ایک منصوبہ کو ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ کے حوالہ کیا ہے اور اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کیلئے کئے تجاویز حوالے کی تھیں لیکن مسٹر کے ٹی راما راؤ نے اسے قابل عمل بنانے ساتھ بلدیہ کی آمدنی میں اضافہ کیلئے اسے مزید بہتر بنانے کی ہدایت دی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ آئندہ 6ماہ کے دوران شہر کے مرکزی مقامات پر موجود ہورڈنگس کی جگہ ایل ای ڈی ہورڈنگس کی تنصیب کے سلسلہ میں عمارتوں کا جائزہ لیا جائے گا اورجو عمارتیں مضبوط اور مستحکم ہیں ان عمارتوں پر ان نئے وزنی و عصری ہورڈنگس کی تنصیب کے اقدامات کئے جائیں گے۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق شہر حیدرآباد کے مرکزی مقامات کے علاوہ شہر کے اطراف جی ایچ ایم سی حدود میں مصروف ترین علاقوں میں بھی جی ایچ ایم سی کی جانب سے ہورڈنگس کی تنصیب کے عمل کا جائزہ لیا جائے گا۔ جی ایچ ایم سی کے شعبہ اشتہارات کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ اگر موجودہ ہورڈنگس رکھنے والی ایجنسیوں کی جانب سے بقایاجات کی ادائیگی نہیں کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں ان ایجنسیوں کو ٹنڈر سے باہر کردیا جائے گا اور اس بات کو ممکن بنانے کے اقدمات بھی کئے جا رہے ہیں کہ جہاں تک ممکن ہو سکے ان عصری ہورڈنگس کو راست بلدیہ کی جانب سے کرایہ پر دیا جائے اور مکمل آمدنی کے حصول کو ممکن بنایا جائے ۔ مادھاپور‘ اپل‘ ناچارم‘ دلسکھ نگر‘ ملک پیٹ‘ گچی باؤلی ‘ بنجارہ ہلز اور جوبلی ہلز کے علاوہ شہر کے کئی علاقوں میں جی ایچ ایم سی عملہ کی جانب سے عصری ہورڈنگس کی تنصیب کے سلسلہ میں مقامات کی نشاندہی کا عمل جاری ہے تاکہ ان عصری ہورڈنگس کی تجرباتی تنصیب کا عمل جلد از جلد مکمل کیاجاسکے۔