شیوپور(مدھیہ پردیش) ۔یکم ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) فرقہ وارانہ نفرت کے واقعات عروج پر ہونے کے دوران ملک کے ایک علاقہ شیوپور میں ایک مسلم خاندان نے اپنی زمین ہنومان مندر کی توسیع کے لیے بطور عطیہ دے دی۔ 34 سالہ جاوید انصاری نے حال ہی میں 1905 مربع فیٹ اراضی ہنومان مندر کی توسیع کے لیے دیہات باگواز ضلع شیوپور میں بطور عطیہ دی۔ سب ڈیویژنل مجسٹریٹ آر بی سنڈوسکر نے کہا کہ یہ مندر ضلع ہیڈکوارٹرس سے ایک کیلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہ اراضی بھکتوں کے انتظامات اور احاطہ کی دیوار تعمیر کرنے کے لیے بطور عطیہ دی گئی ہے۔ مجسٹریٹ نے کہا کہ اراضی کا عطیہ دینے کے احکام 16 اگست کو جاری کئے گئے۔ مندر کی کمیٹی کے صدرنشین راجیو ویش نے کہا کہ یہ عراضی جوادی انصاری نے اپنے بھائیوں پرویز، شہناز، شعیب اور شاداب سے مشورہ کرنے کے بعد دی ہے۔ یہ اراضی اب مندر کمیٹی کے قبضے میں ہے۔