حکومت کے خزانے سے 78 کروڑ کی اجرائی کی ہدایت ، کڈیم سری ہری کا چیف منسٹر سے اظہار تشکر
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے ہنمکنڈہ ۔ قاضی پیٹ کے پاس دوسرے روڈ اوور برج ( آر او بی ) کی منظوری دیتے ہوئے ریاستی خزانے سے 78 کروڑ روپئے جاری کرنے کے احکامات جاری کیا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے بڑے مسئلہ کو حل کرنے پر چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ ہنمکنڈہ سے قاضی پیٹ روانہ ہونے کے لیے صرف ایک ہی ( آر او بی ) تھا ۔ جہاں پر ٹریفک جام یا مرمتی کاموں کے دوران جلدی جانے والے عوام کو کافی مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا تھا ۔ ورنگل عوام ٹریفک مسائل کی یکسوئی کے لیے لمبے عرصے سے موجودہ ( آر او بی ) سے متصل مزید ایک آر او بی تعمیر کرنے کا ریاستی حکومت سے مطالبہ کررہے ہیں ۔ ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے عوام کے جائز مطالبہ کو چیف منسٹر کے سی آر سے رجوع کرتے ہوئے مسائل سے انہیں واقف کرایا اور ساتھ ہی محکمہ ریلوے کو بھی مزید ایک آر او بی کی ضرورت پر روشنی ڈالی محکمہ ریلوے نے عوامی ضرورت کو حق بجانب قرار دیا تاہم ریلوے کے قواعد سے واقف کراتے ہوئے کہا کہ ایک آر او بی کی موجودگی میں دوسرے روڈ اوور برج کی تعمیر کے لیے محکمہ ریلوے کوئی فنڈز جاری نہیں کرے گا ۔ اگر ریاستی حکومت اپنے مصارف سے دوسرا آر او بی تعمیر کرنا چاہتی ہے تو اس پر محکمہ ریلوے کو کوئی اعتراض نہیں ہے اور وہ نئے آر او بی تعمیر کرنے کی منظوری بھی دیتی ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے اس مسئلہ پر چیف منسٹر تلنگانہ سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے عوامی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے رضا مند کیا ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے ضلع ورنگل کے عوامی مسائل کو حل کرنے کے لیے ریاست کے سرکاری خزانے سے فنڈز جاری کرنے سے اتفاق کیا ۔ محکمہ عمارات و شوارع کو روڈ اوور برج کی تعمیری ذمہ داری سونپتے ہوئے 78 کروڑ روپئے کی اجرائی کے لیے جی او 539 کی اجرائی عمل میں لائی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے ضلع ورنگل کے عوام کی طرف سے چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا ۔۔