ہند ۔ چین دفاعی عہدیداروں کے جاریہ ہفتہ مذاکرات

بیجنگ ۔ 7 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کے آئندہ ماہ اولین دورہ چین سے قبل اعلیٰ سطحی دفاعی عہدیدار جن کا تعلق ہندوستان اور چین سے ہے، جاریہ ہفتہ مذاکرات منعقد کریں گے جس کا پس منظر چین کی جانب سے تمام دیگر مسائل کو بحرہند میں دفاعی حکمت عملی سے مربوط کردینا ہے۔ ہندوستانی فوج کا ایک اعلیٰ سطحی وفد معتمد دفاع آر کے ماتھر کی زیرقیادت کل بیجنگ پنہچے گا تاکہ ساتویں سالانہ دفاعی مذاکرات میں شرکت کرسکیں جن کا مقصد دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات کو بہتر بنانا اور علاقائی و عالمی صیانتی مسائل پر جو مشترکہ مفاد کے حامل ہیں، تبادلہ خیال شامل ہے۔ یہ مذاکرات رسمی طور پر 10 اپریل کو منعقد کئے جائیں گے۔ ان مذاکرات میں فوج، بحریہ اور فضائیہ کے عہدیدار حصہ لیں گے۔ مودی توقع ہیکہ آئندہ ماہ کے وسط میں چین کا دورہ کریں گے، جس کے دوران وہ صدر چین ژی جن پنگ سے اہم مسائل جیسے سرحدی تنازعہ اور قریبی تجارتی تعلقات چینی سرمایہ کاری کے ساتھ قائم کرنا شامل ہیں، بات چیت کریں گے۔ توقع ہیکہ مودی دونوں ممالک کے حالیہ دنوں میں نئی دہلی میں سرحدی تنازعہ پر بات چیت کا حوالہ دیں گے جس کا مقصد اس پیچیدہ مسئلہ کی یکسوئی ہوگا۔ سرحدی مسئلہ پر بات چیت میں دونوں ممالک کے خصوصی نمائندے ہندوستان کے اجیت دوول اور چین کے یانگ جی چی نے شرکت کی تھی۔ دونوں ممالک نے پیچیدہ سرحدی تنازعہ کی یکسوئی کیلئے 18 مرحلوں پر مشتمل بات چیت کی ہے۔