نئی دہلی 16 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اب جبکہ چینی صدر ژی جن پنگ تاریخی دورہ ہندوستان پر روانہ ہورہے ہیں، وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہاکہ دونوں ملکوں کے درمیان رشتہ ’’سادہ اعداد و شمار‘‘ سے کہیں آگے جاتا ہے اور اُنھیں اعتماد ہے کہ دونوں پڑوسی تعاون کو بڑھاتے ہوئے ’تاریخ رقم‘ کرسکتے ہیں۔ اِس دورہ کو ہندوستان کی جانب سے دی جانے والی اہمیت کو اُجاگر کرکے مودی نے کہاکہ ہندوستان و چین ’منفرد تال میل‘ رکھتے ہیں جو فیصلہ کن موقف بن کر بنی نوع انسان کیلئے شاندار مستقبل کا نقیب بن سکتا ہے۔ مودی نے چینی صحافیوں سے گفتگو میں کہاکہ ہندوستان و چین تاریخ سے جڑے ہیں ، کلچر سے مربوط اور عظیم روایات سے متاثر ہیں۔