ہند ۔ پاک کے مابین مصالحت کیلئے تیار : نیپال

دونوں وزرائے اعظم تعلقات بہتر بنانے کے خواہاں : وزیر خارجہ کا بیان
کٹھمنڈو 24 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) نیپال ‘ ہندوستان اور پاکستان کے مابین مصالحت کیلئے تیار ہے تاکہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں تعطل کو ختم کیا جائے ۔ نیپال کے وزیر خارجہ مہیندرا پانڈے نے آج کہا کہ نیپال دونوں ملکوں کے قائدین کو سارک چوٹی کانفرنس کے موقع پر ایک ساتھ لاتے ہوئے مصالحت کیلئے تیار ہے ۔ پانڈے نے ایک ٹی وی چینل پر ٹاک شو میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے مابین نیپال سارک چوٹی کانفرنس کے موقع پر مصالحت کرسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم بگڑتے ہوئے تعلقات کو بہتر بنانے کے حق میں ہیں اور نیپال اس تعلق سے پہل کرسکتا ہے ۔ اس دوران سارک چوٹی کانفرنس کے موقع پر دونوں وزرائے اعظم نریندر مودی اور نواز شریف کی ملاقات کے تعلق سے قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ دونوں ممالک نے کھل کر کچھ بھی کہنے سے انکار کیا ہے ۔ ایک پاکستانی سفارتکار کا ذرائع ابلاغ میں یہ کہتے ہوئے حوالہ دیا گیا کہ کٹھمنڈو میں ہونے والی چوٹی کانفرنس کے موقع پر دونوں وزرائے اعظم ایک ساتھ ہونگے ۔ روایت کے مطابق سارک چوٹی کانفرنس میں شرکت کرنے والے سربراہان مملکت و حکومت کو افتتاحی سشن کے بعد تفریح کیلئے لیجایا جاتا ہے تاکہ بات چیت کیلئے سازگار اور خوشگوار ماحول پیدا ہوسکے ۔ اس تفریح کیلئے تمام سارک ممالک بشمول ہندوستان و پاکستان کو مدعو کیا گیا ہے ۔ نیپال میں سارک چوٹی کانفرنس 12 سال کے وقفہ کے بعد منعقد ہو رہی ہے ۔ اس سے قبل 2002 میں سارک چوٹی کانفرنس نیپال میں منعقد ہوئی تھی جب وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی اور پاکستان کے اس وقت کے صدر پرویز مشرف نے وہاں ملاقات کی تھی ۔