جموں، 28 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث جموں کے سرحدی علاقوں میں جمعرات کو تمام تعلیمی اداروں کو بند رکھا گیا جبکہ مختلف جماعتوں کے امتحانات کو بھی ملتوی کیا گیا۔ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ جموں میں بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول سے پانچ کلومیٹر کے اندر اندر آنے والے علاقوں میں تمام تعلیمی اداروں کو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کے پیش نظر احتیاطی طور بند رکھا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ جمعرات کی شام کو لیں گے ۔انہوں نے کہا کہ آٹھویں اور نویں جماعت کے امتحانات کو ملتوی کیا گیا ہے جبکہ یکم اور دوم مارچ کو ہونے والے گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات بھی تا حکم ثانی ملتوی کئے گئے ہیں۔محکمہ تعلیم کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ امتحانات منعقد کرنے کی نئی تاریخوں کا اعلان بہت جلد کیا جائے گا۔دریں اثنا پولیس حکام نے بے بنیاد افواہیں پھیلانے والوں اور غیر مصدق رپورٹوں کا شکار نہ بننے کے لئے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے ۔