ہند ۔ پاک نیوکلیئر تنصیبات کی فہرست کا تبادلہ

نئی دہلی۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام)ہندوستان اور پاکستان نے آج مسلسل 26 ویں سال اپنے نیوکلیئر تنصیبات کی فہرست کا تبادلہ کیا۔ دونوں ممالک کے مابین باہمی معاہدہ ہے جس کے تحت ایک دوسرے کی نیوکلیئر تنصیبات پر حملے پر امتناع ہے۔ اس معاہدہ پر 31 ڈسمبر 1988ء کو دستخط ہوئی اور یہ 27 جنوری 1991ء سے قابل عمل ہے۔ وزارتِ اُمور خارجہ نے بتایا کہ ہندوستان اور پاکستان نے سفارتی ذرائع سے نئی دہلی اور اسلام آباد میں اس فہرست کا تبادلہ کیا۔
ہند ۔ بنگلہ سرحد پر لیزر والس اور اسمارٹ سنسرس کی تجویز
کولکتہ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال میں ہند۔ بنگلہ بین الاقوامی سرحد پر مداخلت کاری اور دہشت گردی روکنے کے مقصد سے یہاں لیزر والس اور اسمارٹ سنسرس نصب کئے جائیں گے۔ بی ایس ایف کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ سرحد اور بالخصوص دریائی علاقے میں لیزر کی دیواریں اور اسمارٹ سنسرس نصب کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہنگامی بنیادوں پر یہ کام شروع کیا جارہا ہے اور نیا نظام آئندہ سال سے کارکرد ہوجائے گا۔ یہ پائیلٹ پراجیکٹس مغربی بنگال کے سرحدی علاقہ میں شروع کیا جارہا ہے۔ جیسے ہی درکار آلات حاصل ہوجائیں گے ، اندرون چند ماہ یہ کام شروع کردیا جائے گا۔