سرینگر ۔ یکم سپٹمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) نیشنل کانفرنس کے سرپرست فاروق عبداﷲ نے ہندوستان اور پاکستان کے مابین مذاکرات کی جلد بحالی پر زور دیتے ہوئے آج کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے منفی اثرات جموںو کشمیر کے عوام کو برداشت کرنا پڑتا ہے ۔ ڈاکٹر فاروق عبداﷲ نے اپنی پارٹی کے کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہندوستان اور پاکستان کے مابین مخاصمت ، امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بن رہی ہے اور اس کے تمام تر منفی اثرات جموںو کشمیر کے عوام کو برداشت کرنا پڑتا ہے ‘‘ ۔ لائن آف کنٹرول سے متصلہ ریاستی علاقوں پر پاکستان کی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداﷲ نے کہاکہ ’’اس (فائرنگ) نے سرحدی عوام کی زندگیوں کو مصیبت زدہ بنادیا ہے ۔ ‘‘ انھوں نے اپنی پارٹی کی سیاسی و ترقیاتی پالیسی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی ویژن دستاویز ’نیا کشمیر‘میں دیرپا امن و استحکام کے ساتھ ریاست کے تمام علاقوں کی یکساں و مساویانہ ترقی کا روڈ میاپ پیش کیا گیاہے۔