لکھنؤ ۔ 19 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان قبل ازیں بھی مقررہ ہند ۔ پاک ملاقات سے قبل علحدگی پسندوں سے بات چیت کرچکا ہے۔ یہ کہتے ہوئے صدر بی جے پی امیت شاہ نے آج کہاکہ لیکن پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ حکومت ہند نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے پاکستان سے کہہ دیا ہیکہ وہ یا تو ہندوستان سے بات چیت کریں یا علحدگی پسندوں سے۔ انتخاب اس کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو پی حکومت کی سہارنپور فسادات کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی کا فیصلہ پہلے ہی سے طئے شدہ تھا۔
سہارنپور میں فسادات ہوئے تھے اور سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو نے محسوس کیا تھا کہ ریاست کی نظم و ضبط کی صورتحال بہتر نہیں ہے۔ چنانچہ انہوں نے خود اپنی پارٹی کے ارکان پر مشتمل ایک کمیٹی فسادات کی تحقیقات کیلئے قائم کی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کمیٹی کی رپورٹ پہلے ہی سے طئے شدہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے 22 کروڑ عوام ایسی رپورٹ سے گمراہ نہیں ہوں گے۔ امیت شاہ نے ملائم سنگھ یادو کی امر سنگھ سے ملاقات پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح سماج وادی پارٹی کا احیاء ناممکن ہے۔ سابق قائد کو پارٹی میں واپس لاکر وہ پارٹی میں نئی جان نہیں ڈال سکتے۔
وزیراعظم کی تقریب میں مخالف کانگریس نعرے
کائیتھال (ہریانہ ) ۔19 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر بھوپندر سنگھ ہوڈا کو آج بعض اضطراب آمیز لمحات کا سامنا ہوا جب ہجوم نے جو یہاں وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے ایک ہائی وے کی سنگ بنیاد تقریب کے موقع پر جمع تھا ، کانگریس لیڈر کے خلاف نعرے بلند کئے اور اُن کی ہجو کی ۔ مرکزی مملکتی وزیر برائے ٹرانسپورٹ کرشن پال گرجار اور وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری کی تقریر کے بعد ہوڈا کو ہجوم کی طرف سے ہتک آمیز فقروں کا سامنا ہوا ، جس نے اُن کے اور کانگریس حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی ۔