ہند ۔ پاک بریگیڈ کمانڈرس کا آج پونچھ میں اجلاس

سرحد کی صورتحال کو بہتر بنانے اقدام ۔ ویزا قواعد میں نرمی کرنے پاکستان کا اصرار
نئی دہلی 16 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان و پاکستان کے سینئر فوجی عہدیداروں کا کل جموں کے پونچھ سیکٹر میں اجلاس ہوگا تاکہ لائین آف کنٹرول پر جنگ بندی کو مستحکم کرنے کے امکانات پر غور کیا جاسکے ۔ واضح رہے کہ حال ہی میں لائین آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے واقعات پیش آئے تھے ۔ دونوں ملکوں کے بریگیڈ کمانڈرس چاکن دا باغ علاقہ میں ملاقات کرینگے ۔ اس تعلق سے گذشتہ مہینے واگھا سرحد پر دونوں ملکوں کے ڈائرکٹرس جنرل ملٹری آپریشن کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا ۔ فوجی عہدیداروں نے بتایا کہ اس اجلاس میں جنگ بندی کو مستحکم کرنے کے امکانات پر غور کیا جائیگا ۔ 24 ڈسمبر کو ڈائرکٹرس جنرل ملٹری آپریشنس کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ دونوں ملکوں کے بریگیڈ کمانڈرس کے مابین فلیگ اجلاس ہونگے

جس میں لائین آف کنٹرول پر امن اور استحکام کو یقینی بننے پر غور کیا جائیگا ۔ اس کے علاوہ اس اجلاس میں دونوں ملکوں کے مابین ہاٹ لائین میکانزم کو بہتر بنانے اور مزید موثر بنانے کے تعلق سے بھی غور کیا گیا تھا ۔ فوجی سربراہ جنرل بکرم سنگھ نے پیر کے دن پاکستان کو خبردار کیا تھا کہ لائین آف کنٹرول پر اگر قوانین کی خلاف ورزی ہوتی ہے تو ہندوستان بھی مناسب جواب دیگا ۔ فوجی سربراہ کے بیان کے فوری بعد پاکستانی فوج نے کہا تھا کہ اس طرح کے اشتعال انگیز بیانات کے جوابی نتائج بھی برآمد ہوسکتے ہیں اور ادعا کیا تھا کہ ان کا بیان زمینی حقائق کے برخلاف ہے ۔ علاوہ ازیں دہلی سے موصولہ ایک اور اطلاع کے بموجب پاکستان نے دونوں ملکوں کے مابین ویزا قواعد کو سہل بنانے اور موبائیل رابطوں کو بہتر بنانے کے علاوہ بینکنگ روابط کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ تجارت و کاروبار کو بہتر بنایا جاسکے ۔ پاکستان کے وزیر تجارت و ٹیکسٹائیل مسٹر خرم دستگیر خان نے سی آئی آئی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ

تجارت کا جہاں تک معاملہ ہے اس میں قیمتوں کا مسئلہ بالکل بھی نہیں ہے بلکہ صرف ویزا کے امور ایسے ہیں جن کی وجہ سے تاجروں اور کاروباریوں کی آمد و رفت متاثر ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کی زیادہ سہل انداز میں آمد و رفت کیلئے ویزا قوانین کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ موبائیل رابطوں اور بینکنگ سہولیات سے متعلق انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کو چاہئے کہ اس طرح کے راطبوں کو بہتر بنانے کیلئے کام کریں جن کے نتیجہ میں تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ مل سکتا ہے ۔ خرم دستگیر خان 70 تاجروں کے ایک وفد کے ساتھ ہندوستان کے دورہ پر آئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واگھا سرحد کے ذریعہ تجارت کو فروغ دینے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ ان کوششوں کے مثبت نتائج برآمد ہونگے ۔