ہند ۔ پاک بات چیت کی منسوخی حکومت کی کمزور پالیسی کا نتیجہ

نئی دہلی ۔19 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج ہند ۔ پاک بات چیت کی منسوخی کے بارے میں این ڈی اے پر اپنے تنقیدی حملے کو جاری رکھا ، حالانکہ حکومت اور بی جے پی کا کہنا ہے کہ پڑوسی ملک بیک وقت علحدگی پسندی کے ساتھ وابستہ رہتے ہوئے حکومت ہند سے بات چیت نہیں کرسکتا ہے ۔ حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کانگریس لیڈر منیش تیواری نے کہا کہ یہ مسئلہ پاکستان پر نہایت کمزور فیصلہ ہے ۔ انھوں نے کہاکہ حکومت خود کو پاکستان پالیسی کے آگے بے بس کرچکی ہے اور حریت قائدین اور پاکستان کے درمیان بات چیت کو ’رسمی‘ قرار دیا، جو پڑوسی ملک ہمیشہ دونوں اقوام کے درمیان کوئی بھی مذاکرات سے قبل ہمیشہ ہی کیا کرتا ہے لہذا پہلے انھوں نے پاکستان سے بات چیت کیلئے اتفاق کرلیا اور وہ بھی اسلام آباد میں ، اور اس معاملے میں تمام ترپس منظر کو پس پشت ڈالا گیا۔ حکومت عملاً غشی کی حالت میں تھا جب احتجاج ہوا تب وہ جاگی اور یکایک سخت ردعمل ظاہر کردیا۔ تیواری نے مزید کہا کہ اب علحدگی پسند عناصر حکومت کو چیلنج کررہے ہیں اور پاکستان ہائی کمشنر ہندوستانی حکومت کو آنکھیں دکھارہے ہیں کہ وہ اب بھی مجوزہ بات چیت کو آگے بڑھانے کیلئے تیار ہے ۔ ایسی صورتحال میں حکومت ہند کا اگلا اقدام کیا ہے ، حکومت ہند کی پاکستان کے تئیں کیا حکمت عملی ہے ۔ اس دوران حکومتی اقدام کوحق بجانب قرار دیتے ہوئے وزیر قانون روی شنکر پرساد نے کہا کہ اس معاملے میں نکتہ بڑا سادہ ہے ۔ یا تو پاکستان کو حکومت ہند سے بات چیت کرنی چاہئے یا وہ علحدگی پسندوں سے بات چیت کرتے رہیں۔

انھوں نے علحدگی پسندوں سے ترجیح بات چیت کا انتخاب کیا حالانکہ انھیں واضح طورپر بتادیا جاچکا تھا کہ یہ رجحان جاری نہیں رہ سکتا ورنہ نتیجتاً عملِ مذاکرات پر اثر پڑے گا۔ انھوں نے افسوس ظاہر کیا کہ ہندوستانی طرف سے یہ معاملہ واضح کردیئے جانے کے باوجود پاکستانی ہائی کمشنر نے اُن سے ملاقات کی ، یہ منصفانہ عمل نہیں ہے ۔ یہاں بات بالکل سیدھی ہے ۔ ہم نے ہمیشہ کہا ہے کہ آپ اپنے دوست بدل سکتے ہیں لیکن اپنے پڑوسی نہیں۔ لیکن آج پاکستان پر کس کا کنٹرول ہے یہ بڑا مسئلہ ہے ۔ وہاں سے ہمیں مختلف رائے مل رہی ہے ۔ وہاں سے کوئی واضح پیام ملنے کی صورت میں معتمدین کی سطح پر بات چیت ہوسکے گی ۔ کشمیری علحدگی پسندوں کے ساتھ پاکستان کی مشاورتوں پر برہم ہندوستان نے کل اسلام آباد میں 25 اگست کو مقررہ بات چیت منسوخ کردی ۔