نئی دہلی۔24 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر ہندو پاک فوج کے درمیان گھمسان فائرنگ ہوئی۔ پاکستانی فوج کی فائرنگ میں 4 ہندوستانی سپاہیوں کی ہلاکت کے ایک دن بعد فائرنگ کا تبادلہ عمل میں آیا۔ پاکستانی فوج نے پونچھ میں ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ کی۔ ایک پولیس عہدیدار نے کہا کہ پاکستانی فوج نے سرحد پر سے بھاری اور ہلکے ہتھیاروں سے فائرنگ کردی ۔ دور دراز کی چوکیوں اور شاہ پور سیکٹر کے مواضعات کو نشانہ بنایا گیا ۔ رات 12:55 بجے یہ فائرنگ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج نے جوابی کارروائی کی اور فائرنگ کا جواب دیا۔ فائرنگ رپورٹ ملنے تک جاری رہی، تاہم جھڑپوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔