ہند ۔ ایران کے درمیان سیاحتی فروغ و تعلقات میں استحکام کی مساعی

حیدرآباد یکم فبروری (سیاست نیوز ) اسپیشل چیف سکریٹری سیاحت و صدر نشین آندھرا پردیش ٹورزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن مسز چندنا کھن نے آج سالار جنگ میوزیم میں ایرانی کلچرل ایگزیبیشن ( صوبہ اسفہان ) کا افتتاح کیا۔ اس نمائش میں صوبہ اسفہان کی تاریخی عمارتوں، کارٹونس اور اسلامی انقلاب کے بعد کی ترقی سے متعلق 210 تصاویر رکھی گئی ہیں۔ مسز چندنا کھن نے اس موقع پر ہند ایران تعلقات کے استحکام کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کے شعبہ میں باہمی تبادلے کے فروغ کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کیا جاسکتا ہے۔ ہند۔ ایران تعلقات کی طویل تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے چندنا کھن نے کہا کہ وہ ایران کا دورہ کرچکی ہیں اور انہیں اندازہ ہے کہ سیاحتی اعتبار سے دونوں ممالک میں عوام کے تبادلے کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔

قونصل جنرل ایران متعینہ حیدرآباد حسن نوریان نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی انقلاب کی 35 ویں سالگرہ کے موقع پر اس تہذیبی نمائش کا انعقاد عمل میںلایا گیا ہے جو کہ 5 فبروری تک عوام کیلئے کھلی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس نمائش میں اسفہان صوبہ سے متعلق تصاویر کو رکھا گیا ہے جسے 2006 میں دنیا کا اسلامی تہذیبی دارالخلافہ قرار دیا گیا تھا۔ آج بھی ایرانی حکومت اسفہان کو ملک کا تہذیبی و ثقافتی مرکز تصور کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسفہان کی 130 قسم کی ہینڈ کرافٹس انڈسٹریز دنیا بھر میں شہرت رکھتی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حیدرآباد اور اسفہان کے درمیان ہینڈ کرافٹ شعبہ میں یادداشت مفاہمت پر دستخط ہوں گے۔ قونل جنرل ایران نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مختلف شعبوں میں دوستانہ اور مستحکم ہیں اور مختلف مسائل پر دونوں ممالک کا مشترکہ موقف ہے ۔ علاقہ میں باہمی تعاون اور بین الاقوامی سطح پر بھی ہند ۔ ایران ایک دوسرے کے جذبات کا احترام کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے حکام تجارت اور معیشت کے شعبہ میں تعلقات کے مزید استحکام کی مساعی کررہے ہیں جو کہ دونوں ممالک کی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔ تقریب میں اسفہان کے ڈپٹی میئر برائے کلچرل اینڈ سوشیل افیئر حبیب اللہ تحویلپور ، ڈائرکٹر ایرانین کلچرل ہاوز ممبئی حسان خانی، سالار جنگ میوزیم کے بورڈ ممبر نواب احترام علی خاں، ڈائرکٹر سالار جنگ میوزیم نریندر ریڈی ، ایران کے مشہور کارٹونسٹ محمد علی رجبی اور چیف پبلک ریلیشن آفیسر ایرانی کونسلیٹ علی اکبر نیرومند موجود تھے۔