ہند ۔ امریکہ تعلقات میں تعلیم اور طلبہ کو کلیدی اہمیت حاصل

ہندوستانی طلبہ میں سفیر کے مانند تہذیب ، ایجوکیشن فیئر کا افتتاح ، مسز کیتھرین ہاڈا کا خطاب
حیدرآباد۔یکم۔نومبر(سیاست نیوز) ہند۔امریکہ تعلقات میں تعلیم اور طلبہ کو کلیدی اہمیت حاصل ہے اور امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ ہندستانی سفیر کی طرح ہوتے ہیں جو اپنی تہذیب کو پیش کرتے ہیں۔ مسز کیتھرین ہاڈا قونصل جنرل امریکہ متعینہ حیدرآباد نے یونائٹیڈ انڈیاایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام منعقدہ سالانہ ایجوکیشن فئیر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ امریکہ میں 1لاکھ66ہزار ہندستانی طلبہ مختلف کورسس میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہو ںنے بتایاکہ امریکہ میں تعلیم حاصل کر رہے جملہ بیرونی طلبہ میں 16فیصد ہندستانی طلبہ ہیں اور امریکی یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق ہندستانی طلبہ کی بڑی تعداد تعلیم میں دلچسپی لینے والوں کی ہے۔ مسز کیتھرین ہاڈا نے بتایا کہ امریکہ میں 4500 ایسی جامعات و کالجس ہیں جہاں بیرونی طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ہندستانی طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم کی فراہمی میں امریکہ اہم کردار اداکررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی کالجس اور جامعات میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو بہترین کیمپس کے ماحول کی فراہمی اور تعلیم کے ساتھ ساتھ اضافی سرگرمیوں پر بھی توجہ دی جا رہی ہے ۔ کیتھرین ہاڈا نے کہا کہ امریکہ میں تعلیم کے حصول کیلئے پہنچنے والے طلبہ کو ہفتہ میں 20گھنٹے کام کاج کرنے کی سہولت بھی حاصل ہوتی ہے جس کے ذریعہ وہ اپنے اخراجات کی پابجائی کرتے ہیں ۔ انہوں نے مجوزہ گلوبل آنٹرپیونرشپ سمٹ کے متعلق کہا کہ ہندستان میں صلاحیت کی کمی نہیں ہے اور توقع ہے کہ ہندستان میںGES-2017 کے انعقاد کے بعد ہند۔امریکہ تعلقات میں مزید استحکام کے ساتھ ساتھ تجارتی روابط بھی مستحکم ہوں گے۔ کیتھرین ہاڈا نے امریکی جامعات میں ہندستانی لڑکیوں کو داخلہ حاصل کرنے کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ یہ دیکھا جارہا ہے کہ امریکہ میں داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ میں لڑکیوں کی تعداد کم ہے اور لڑکوں کی تعداد زیادہ ہے ۔ انہوں نے لڑکیوں کی امریکہ میں اعلی تعلیم کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لڑکیوں میں موجود صلاحیتوں میں مزید بہتری لانے کیلئے ضروری ہے ۔ کیتھرین ہاڈا نے کہا کہ امریکہ بین الاقوامی طلبہ کیلئے مقناطیسی کشش کا حامل ہے اور نوجوان طلباء وطالبات جوق در جوق امریکہ میں حصول علم کی سمت متوجہ ہونے لگے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ امریکی جامعات میں خدمات انجام دینے والے بھی اب ہندستانی طلبہ کو سمجھنے لگے ہیں اور وہ ان کی تہذیب و تمدن سے واقف ہوتے جا رہے ہیں۔ یونائٹیڈ انڈیا ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے منعقدہ اس ’ایجوکیشن فئیر‘ کے موقع پرمسٹر ویلیم ناش ویزا آفیسر ‘ مسٹر گیبرئیل ہونس اولیوئیر پبلک افئیرس آفیسر ‘ مسٹر آکاش سوری اسسٹنٹ پبلک افئیرس آفیسر ‘ مسٹر سینتھل کمار کے علاوہ مسز پیا بہادر اور دیگر موجود تھے۔ اس ایجوکیشن فئیر میں امریکہ کی مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والی جامعات کے نمائندے موجود تھے اور امریکی قونصل خانہ کے عہدیدار طلبہ اور ان کے سرپرستوں کی رہنمائی کر رہے تھے۔ بعد ازاں مسٹر ویلیم ناش نے امریکی ویزا کے حصول کے سلسلہ میں رہنمائی کی اور طلبہ کیلئے جاری کئے جانے والے امریکی ویزا کے سلسلہ میں تفصیلات سے واقف کروایا اور کہا کہ امریکہ میں اعلی تعلیم کے حصول کے سلسلہ میں نوجوانوں کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے ۔