ہند کیساتھ باضابطہ بات چیت کا امکان نہیں : پاکستان

کٹھمنڈو ، 26 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) باہمی روابط میں بدستور تلخی کے درمیان پاکستان نے آج کہا کہ اسے مستقبل قریب میں ہندستان کے ساتھ باضابطہ مذاکرات کا کوئی امکان نظر نہیں آتا ہے اور واضح کردیا کہ بات چیت شروع کرنے کیلئے ہندوستان کو پہل کرنی ہے۔ پاکستانی وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ اور قومی سلامتی سرتاج عزیز نے کہا کہ ہندوستان نے معتمد خارجہ سطح کی بات چیت کو منسوخ کیا تھا اور اسے ہی بات چیت میں پہل کرنا ہوگا۔ ’’مجھے دونوں ملکوں کے درمیان مستقبل قریب میں کسی وقت باقاعدہ مذاکرات کا امکان دکھائی نہیں دیتا ہے،‘‘ عزیز نے یہ بات کہی جب پوچھا گیا کہ آیا دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا کوئی امکان پایا جاتا ہے۔ یہ نشاندہی کرتے ہوئے کہ پاکستان بات چیت کیلئے تیار ہے، انھوں نے کہا کہ پہل تو ہندوستان کو کرنا ہوگا۔
ستلوک آشرم میں تلاش ہنوز جاری
حصار ، 26 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہریانہ پولیس کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے آج اس ضلع کے بروالا ٹاؤن میں ستلوک آشرم کے اندرون اپنی تلاش کو جاری رکھا جبکہ اس جرم میں ملوث لوگوں کی ’شناخت‘ کی جارہی ہے۔ حصار رینج آئی جی انیل راؤ نے کہا کہ آشرم سے محروس افراد کی شناخت ہو رہی ہے۔ ابھی تک پانچ تا چھ اشخاص کا مجرمانہ ریکارڈ معلوم ہوا ہے۔ انھوں نے کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں متنازعہ سادھو رامپال کو مدھیہ پردیش لے جانے کے امکان کو مسترد نہیں کیا ہے۔