ہند پاک مذاکرات کے احیاء کی باتیں محض دکھاوا :یٰسین ملک

سری نگر ۔/22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) جموں و کشمیر لیبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) صدرنشین محمد یسین ملک نے آج کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے مابین مذاکرات بحال ہونے کی باتیں محض دکھاوا ہیں اور اس کا مقصد خفیہ ایجنڈہ کو پورا کرنا ہے ۔ انہوں نے جنوبی کشمیر کے کلغام میں ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف ہندوستان اور پاکستان یا ہندوستان اور کشمیر کے مابین مذاکرات کی بات کی جاتی ہے اور دوسری طرف کشمیریوں کو ہندوستان کے ساتھ جوڑنے کی بات کہی جاتی اور یہ بھی کہا جاتا ہے کہ قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ یٰسین ملک نے کہا کہ مذاکرات کی باتیں محض دکھاوا ہے ۔ قومی دھارے میں شامل مختلف قائدین کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے بیانات جموں و کشمیر کو ہندوستان کے ساتھ ملحق رکھنے تک ہی محدود ہیں ۔ریاستی گورنر سے لیکر بی جے پی صدر اور چیف منسٹر سب یہی کہتے ہیں کہ وہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے چیف منسٹر مفتی سعید کے ریاستی عوام کو ملک کے مابقی حصے سے جوڑنے کے بیان کو ’’آر ایس ایس ایجنڈہ‘‘ قرار دیا ۔