ہند و امریکیوں کا مسعود اظہر کیخلاف کارروائی کرنے ٹرمپ کو مکتوب

واشنگٹن ۔ 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ہند و امریکیوں کے ایک گروپ اور کشمیری پنڈتوں کی ایک تنظیم نے امریکہ سے درخواست کی ہیکہ وہ دہشت گرد تنظیم جیش محمد اور اس کے قائد مسعود اظہر کے خلاف سخت کارروائی کرے اور ساتھ ہی ساتھ مسعود اظہر کو سفارتی تحفظ دینے کیلئے پاکستان، سعودی عرب اور چین کے مبینہ رول کی مذمت بھی کرے۔ یاد رہیکہ گذشتہ ہفتہ کشمیر کے پلوامہ ڈسٹرکٹ میں ہوئے دہشت گرد حملوں کے بعد یہ مطالبہ سامنے آیا ہے۔ حملہ میں زائد از 40 سی آر پی ایف جوان شہید ہوگئے تھے۔ مذکورہ بالا دونوں گروپس نے مشترکہ طور پر دستخط شدہ ایک مکتوب امریکی سفیر برائے انٹرنیشنل ریلیجئس فریڈم سام بران بیک کے حوالے کیا جس میں ٹرمپ انتظامیہ سے خواہش کی گئی ہیکہ نہ صرف مقامی سطح پر بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی جیش محمد اور مسعود اظہر کے خلاف کارروائی کی جائے۔