صدر شوکت مرزا یوف کا عنقریب دورۂ ہندوستان، فری اکنامک زونس قائم کرنے پر غور
نئی دہلی 27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور ازبکستان کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے مؤثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ تجارت کو فروغ دینے کے لئے شرحوں میں کمی کے بشمول کئی مسائل کا جائزہ لیا جائے گا۔ دونوں کے درمیان ایک تجارتی کونسل قائم کیا جائے گا اور معاشی تعلقات کو وسعت دی جائے گی۔ ان تمام اُمور پر تبادلہ خیال صدر ازبکستان شوکت مرزایوف کے آئندہ ہفتہ دورہ ہندوستان کے موقع پر کیا جائے گا۔ ازبکستان کے صدر کا یہ پہلا دورہ آئندہ ہفتہ مقرر ہے۔ معاشی مذاکرات کو تیز کرنے کے حصہ کے طور پر ہم نے ایک مشترکہ ازبیک ۔ ہند تجارتی کونسل قائم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ازبکستان کے سفیر فراحد کرزریوف نے یہ بات بتائی۔ فری اکنامک زونس میں بڑے پیمانے پر پراجکٹس کو شامل کیا جائے گا۔ سفیر ازبک نے مزید کہاکہ ازبکستان کو اختراعی شعبوں اور باہمی سرمایہ کاری کے شعبوں، تعلیم، ثقافت اور فنون کے شعبوں کے بشمول اہم شعبوں میں باہمی تعاون کیا جائے گا۔ صدر ازبکستان کے دورہ ہندوستان سے دونوں جانب تعلقات کو وسعت حاصل ہوگی۔ اسٹراٹیجک اور معاشی شراکت داری کو فروغ حاصل ہوگا۔ سفیر نے مزید کہاکہ دونوں جانب کے موجودہ باہمی تجارتی تعلقات، سرمایہ کاری میں زیادہ وسعت پذیری دیکھی نہیں جاتی اس لئے تجارتی قدروں میں اضافہ کی ضرورت ہے اس کے لئے اہم اور مجموعی اقدامات کرنے ہوں گے۔ ہم دونوں ملکوں میں ترجیحی تجارتی دور کو قائم کرنے پر کام کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ ہم ہندوستانی مارکٹ کو زرعی پیداوار کے مختلف نوعیت کی اشیاء سربراہ کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی قدروں کو سہ گنا کردیا جائے گا۔ زائداز 300 بزنس لیڈرس بھی اس دورہ میں شامل ہوں گے۔ ان میں آٹو موبائیلس، ریلوے، آئیل گیاس، فارما سیوٹیکلس، چمڑے اور ٹکسٹائیل کے شعبوں کے لیڈرس بھی شامل ہیں۔ یہ لوگ بزنس فورم چوٹی کانفرنس میں شرکت کرتے ہوئے اپنے تجربات بیان کریں گے۔ سفیر ازبک برائے ہند نے مزید کہاکہ ازبک ۔ ہند نے ازبکستان میں اختراعی فورم اور انڈین ٹیکنالوجی پارکس قائم کرنے پر غور کیا ہے۔