ممبئی ۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پونے کی ایک عدالت میں اکھل بھارتیہ ہندو مہاسبھا کے جنرل سکریٹری منا کمار شرما کے خلاف آج سمن جاری کرتے ہوئے 20 جنوری کو عدالت میں حاضری کا حکم دیا ہے۔ واضح رہیکہ جنوری کے اواخر میں نمائش کیلئے پیش کی جانے والی منا کمار شرما کی فلم ’دیش بھکت نتھورام گوڈسے‘ پر امتناع کیلئے دائر کردہ ایک درخواست کے جواب میں عدالت نے یہ کارروائی کی ہے۔ فرسٹ کلاس جوڈیشیل مجسٹریٹ انیرود پاٹھک نے یہ سمن جاری کئے۔ درخواست ہیمنت پاٹل کے وکیل واجد خاں نے یہ اطلاع دی۔ درخواست میں اس فلم کی نمائش پر امتناع عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہیکہ اس سے فرقہ وارانہ خطوط پر عوامی جذبات مشتعل ہونے کا اندیشہ ہے۔ درخواست کے مطابق یہ فلم اس روز ہی نمائش کیلئے جاری ہوگی جس روز گوڈسے نے مہاتما گاندھی کو گولی مار کر شہید کیا تھا۔ درخواست میں سماج جہدکار ہیمنت پٹیل نے ادعا کی ہیکہ اس فلم کی نمائش کو اس وقت تک روک دینا چاہئے تاوقتیکہ پروڈیوسر عدالت کو اس بات پر مطمئن نہیں کریں گے کہ اس سے فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا نہیں ہوگی۔