ہندو راشٹریہ سینا پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ

ممبئی ۔ 7 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : مہاراشٹرا میں کانگریس کے سینئیر وزیر نسیم خاں نے آج مطالبہ کیا کہ دائیں بازو کی تنظیم ہندو راشٹریہ سینا پر امتناع عائد کیا جائے ۔ اس سینا کے ارکان نے مبینہ طور پر 28 سالہ سافٹ ویر پروفیشنل کو زد و کوب کر کے ہلاک کیا تھا ۔ فیس بک پر بعض تصاویر پیش کرنے سے کشیدگی پیدا ہوئی تھی ۔ نسیم خاں نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ میں نے وزیر داخلہ آر آر پاٹل سے ملاقات کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ حکومت کو فوری ہندو راشٹریہ سینا پر پابندی عائد کرنی چاہئے ۔ پونے میں گذشتہ پیر کی شب شیخ محسن صادق کے قتل کے سلسلہ میں پولیس نے اب تک 17 افراد کو گرفتار کیا ہے ۔۔