نئی دہلی ۔ /18 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سرسنچالک آر ایس ایس موہن بھاگوت نے آج کہا کہ ہندو راشٹرا کا مطلب یہ نہیں کہ اس میں مسلمانوں کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ نظریہ تمام مذاہب اور عقائد کو ساتھ لیکر چلنے کا نظریہ ہے ۔ آر ایس ایس عالمی اخوت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی بھائی چارے ، کثرت میں وحدت کے اصول پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خیال اس لئے پیدا ہوا ہے کیونکہ پوری دنیا اسے ہندوتوا قرار دیتی ہے اور سوال کیا جاتا ہے کہ آخر ہندو راشٹرا کے قیام کا مطالبہ کیوں ۔ آر ایس ایس کے نظریہ کے بموجب ہندوستان میں پیدا ہونے والا ہر شخص ہندو ہے کیا ہے اس کا مذہب اور عقیدہ کچھ بھی ہو ۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس افر اد کے وقار پر یقین رکھتا ہے اور پوری قوم میں یکجہتی پیدا کرنا چاہتا ہے ۔ بھاگوت نے کہا کہ ’’ہندوتوا ہندوستانی ‘‘کے نظریہ کے متر ادف ہے ۔ ہندو راشٹرا کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ہندوتوا کی بنیاد پر تمام مذاہب اور عقائد کو ساتھ لیا جائے گا ۔