واشنگٹن ۔ 23 اگست (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے ایک بار پھر ہندوپاک پر زور دیا ہیکہ اگر وہ کسی بھی سطح پر باہمی مذاکرات کیلئے آمادگی ظاہر کرتے ہیں تو یہ نہ صرف دونوں پڑوسی ممالک بلکہ خطہ کیلئے بھی انتہائی سودمند ثابت ہوگا۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے نائب ترجمان مارک ٹونر نے کہا کہ ہم مذاکرات کیلئے ہندوپاک کی تمام مساعی کا بھرپور تعاون کریں گے کیونکہ ایسا کرنے سے خطہ میں مزید استحکام پیدا ہوگا۔ مذاکرات چاہے کسی بھی سطح پر ہو، امریکہ کا تعاون بہرحال شامل رہیگا کیونکہ امریکہ کا ابتداء سے ہی یہ کہنا ہیکہ ہندوپاک کے درمیان اگر تعلقات معمول پر آجائیں تو یہ نہ صرف دونوں ممالک کی معیشت عوام اور اسپورٹنگ تعلقات کیلئے بہتر ہوگا بلکہ پورے خطہ میں امن و مان کا بول بالا ہوجائیگااور ہر کوئی چین کی بنسری بجائے گا۔ تاہم اس کیلئے ضرورت ہیکہ دونوں ممالک بغیر کسی تیسرے ملک کی ثالثی کے، خود آگے بڑھ کر راست طور پر مذاکرات کیلئے سازگار ماحول پیدا کریں۔