ہندوپاک مشیران قومی سلامتی کا ٹیلی فون پر ربط

کشیدگی میں کمی سے اتفاق ، سرتاج عزیز کا بیان
اسلام آباد۔3اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان اور ہندوستان نے آج کشیدگی میں کمی کرنے سے اتفاق کرلیا جبکہ مشیران قومی سلامتی کی ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی۔ پاکستان کے اعلی ترین سفارتکار سرتاج عزیز نے کہا کہ اُری حملہ کے بعد اور ہندوستان کے جوابی سرجیکل حملے کے بعد یہ دونوں ممالک کے درمیان اولین رابطہ تھا۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ اس ربط سے ہندوستان کے مشیر قومی سلامتی اجیت دوول اور ان کے پاکستانی ہم منصب ناصر جنجوعہ نے خط قبضہ کے پار ہونے والے واقعات کے بعد پیدا شدہ کشیدگی میں کمی کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ بات چیت کا مرکزی موضوع کشمیر تھا۔ خبر رساں چینل جیو نیوز نے ان کے حوالے سے خبر دی ہے کہ ہندوستان دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر سے ہٹانا چاہتا ہے۔ کشیدگی میں اضافے کا یہی مقصد ہے۔ گزشتہ ہفتہ ہندوستانی فوج نے دہشت گردوں کے 7 مورچوں پر خط قبضہ کے پار پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں سرجیکل حملہ کیا تھا جس میں کئی ہلاکتیں واقع ہوئیں کیوں کہ ہندوستان میں دراندازی کے منتظر دہشت گرد یہاں جمع تھے۔ پاکستان نے سرجیکل حملہ کی تردید کی ہے اور سرحد پار سے فائرنگ کا دعوی کیا ہے۔ نواز شریف کے حالیہ دورۂ امریکہ کے بارے میں سرتاج عزیز نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے عالمی قائدین کو سرحد پر ہونے والے واقعات اور کشیدگی میں اضافے کے بارے میں تفصیلات سے واقف کروایا ہے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل آوری کے لئے زور دیا ہے۔