ہندوپاک صبروتحمل سے کام لیں : گوٹیرس

اقوام متحدہ ۔ 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے کسی بھی حصہ میں دہشت گردانہ کارروائی انجام دینے والوں کو کیفرکردار تک پہنچانے ایک بین الاقوامی قانون وضع کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے یہ بات پاکستان کی جانب سے جموں و کشمیر کے پلوامہ ڈسٹرکٹ میں ہوئے دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہی جس میں سی آر پی ایف کے زائد از 40 جوان ہلاک ہوگئے تھے۔ انہوں نے اس موقع پر ہندوپاک کی حکومتوں سے یہ خصوصی اپیل کی کہ وہ صبروتحمل کا مظاہرہ کریں تاکہ صورتحال مزید خراب نہ ہونے پائے۔ انہوں نے ایک بار پھر اپنی بات دہراتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو جوابدہ بنانے ایک بین الاقوامی قانون وضع کئے جانے کی ضرورت ہے تاکہ ان کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جاسکے۔