ہندوپاک جنوبی ایشیاء کے دو اہم ممالک : چین

بیجنگ ۔ 3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) چین نے پیر کے روز ایک اہم بیان دیتے ہوئے ہندوپاک کی جانب سے کرتارپور راہداری کھولے جانے کے عمل کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ یہ دونوں ممالک ایسے ہیں کہ ان کے درمیان مستحکم بات چیت وقت کی اہم ضرورت ہے اور ان کے درمیان پائے جانے والے اختلافات کی اگر مناسب طور پر یکسوئی ہوجائے تو یہ عالمی امن اور ترقی کیلئے ایک اہم قدم ہوگا۔ یاد رہیکہ مذکورہ راہداری کے ذریعہ پاکستان کے کرتارپور میں واقع دربار صاحب کو ہندوستان کے گرداسپور ڈسٹرکٹ میں واقع ڈیرہ بابا نانک خانقاہ سے مربوط کیا جائے گا۔ کرتارپور کے بارے میں کہا جاتا ہیکہ سکھ مذہب کے بانی گرونانک دیو کی آخری آرام گاہ یہیں پر ہے۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے ایک میڈیا بریفنگ کے دوران کرتارپور راہداری سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہ دیکھ کر مسرت ہورہی ہیکہ ہندوپاک کے درمیان باہمی تال میل پیدا ہورہا ہے۔ جنوبی ایشیاء میں ان دونوں ممالک کو انتہائی اہمیت حاصل ہے اور یہی وجہ ہیکہ دونوں ممالک کے درمیان مستحکم تعلقات کا راست اثر عالمی امن اور ترقی پر ہوگا لہٰذا ہم یہ امید کرتے ہیں کہ دونوں ممالک اپنے تعلقات کونہ صرف مستحکم کریں گے بلکہ اپنے باہمی اختلافات کو ختم کرتے ہوئے تعلقات کو خوشگوار بنائیں جس سے عالمی امن کو بھی استحکام حاصل ہوگا۔