تھروواننتاپورم ۔ 16 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے نوجوانوں کے شعبہ کے کارکنوں نے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھروور کے دفتر میں گُھس کر توڑ پھوڑ کی ۔ قبل ازیں اس تبصرے پر کہ اگر بی جے پی دوبارہ برسراقتدار آجائے تو دستور ہند دوبارہ تحریر کیا جائیگا اور ایک ’’ہندوپاکستان ‘‘ کے قیام کی راہ ہموار ہوجائے گی ،ان کارکنوں میں برہمی پھیل گئی تھی ۔ بھارتیہ جنتا یووا مورچہ کے کارکن ششی تھرور کے خلاف نعرہ بازی کررہے تھے ۔ انھوں نے ان کے دفتر کے روبرو سیاہ تیل پھینکا اور اُن سے اپنے تبصرے کیلئے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے کہاکہ آج ششی تھروور کے دفتر میں توڑ پھوڑ کی گئی ہے اور سیاہ انجن آئیل اس کے دیواروں ، دروازوں اور باب الداخلہ پر پھینکا گیا ہے اور آئندہ اس سے بھی سخت کارروائی کی جائیگی۔