ہندوستان ‘ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی مستقل نشست کا ’ فطری دعویدار‘

اسٹاکہوم 2 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) میزائیل ٹکنالوجی کنٹرول گروپ کے ایک اہم رکن سویڈن نے ان ممالک کے ایلیٹ گروپ میں ہندوستان کی شمولیت کی حمایت کی ہے جو میزائیل اور بے پائلٹ فضائی گاڑی ٹکنالوجی کے پھیلاؤ کو روکنے کی جدوجہد کرتے ہیں۔ سویڈن نے اپنی اس تائید سے صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کو واقف کروایا جو سویڈن کے سرکاری دورہ پر ہیں۔ یہ دورہ کسی بھی ہندوستانی صدر مملکت کا اولین دورہ سویڈن ہے ۔ سویڈن کے وزیراعظم اسٹیفن لوفین نے اپنے کابینی رفقا کے ساتھ صدر جمہوریہ سے ملاقات کی ۔ انہوں نے پرنب مکرجی سے کہا کہ سویڈن ہندوستان کی ایم ٹی سی آر میں شمولیت کے ادعا کی تائید کرتا ہے ۔ یہ ایک رضاکارانہ تنظیم ہے جو 34 ممالک پر مشتمل ہے اور وہ بے پائلٹ فضائی گاڑیوں کے پھیلاؤ کو روکنے کام کرتی ہے ۔ ہندوستان چاہتا ہے کہ اسے چار ہمہ رخی ایکسپورٹ کنٹرول گروپس کی رکنیت دی جائے جن میں نیوکلئیر سپلائرس گروپ ‘ ایم ٹی سی آر ‘ آسٹریلیا گروپ اور واسینار ارینجمنٹ شامل ہیں۔ تاریخی اعتبار سے سویڈن کی حکومتیں اپنی سیاسی وابستگیوں سے قطع نظر ہمیشہ ہی عدم پھیلاو اور ترک اسلحہ کے تعلق سے آزادانہ اظہار خیال کرتی ہیں اور یہ ملک عدم پھیلاؤ سے متعلق تمام سمجھوتوں اور معاہدات کا حصہ ہے ۔ کل ہوئی

اس ملاقات کے دوران سویڈن کے وزیر اعظم نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں اصلاحات کی بھی حمایت کی اور اس خیال کا اظہار کیا کہ ہندوستان اس کا مستقل حصہ بننے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ لوفین کا وزارت خارجہ میں سکریٹری ( مغرب ) نوتیج سرنا نے یہ کہتے ہوئے حوالہ دیا کہ ہندوستان اپنے رقبہ اور اس تیزی کے اعتبار سے ‘ جس سے وہ ترقی کر رہا ہے ‘ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا حصہ ہونے کا فطری دعویدار ہے ۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ ہندوستان اور سویڈن علاقائی اور عالمی مسائل پر یکساں خیالات رکھتے ہیں صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے سویڈن سے اظہارتشکر کیا جس نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کیلئے ہندوستان کے ادعا کی حمایت کی ہے ۔ سویڈن کے شاہ کارل XVI گستاف اور ملکہ سلویہ کی جانب سے منعقدہ استقبالیہ میں اظہار خیال کرتے ہوئے پرنب مکرجی نے کہا کہ دونوں ملک حالانکہ جغرافیائی اعتبار سے ایک دوسرے سے دور ہیں تاہم وہ جمہورتی اقدار اور عمل کے معاملہ میں مشترکہ عزم رکھتے ہیں۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ ان کے دورہ سویڈن کے موقع پر جن معاہدات پر دستخط کئے جا رہے ہیں

ان کے نتیجہ میں دونوں ملکوں کے مابین کئی شعبوں میں مزید تعاون و اشتراک یقینی بنانے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی اور عالمی تشویش کے کئی مسائل پر ہمارے خیالات مشترکہ ہیں۔ ہم اقوام متحدہ اور دوسرے کئی ہمہ رخی فورمس میں ایک دوسرے سے تعاون کر رہے ہیں جہاں ہندوستان کو سویڈن سے ملنے والی تائید قابل تشکر ہے ۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کیلئے ہندوستان کے حق کی جدوجہد میں سویڈن کی تائید پر اظہار تشکر کرتے ہیں۔ سویڈن کی صدارت کے دور میں ہدنوستان کو وہاں مبصر کا رول ملا تھا ۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان سویڈن کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ان تعلقات کو مزید وسعت اور استحکام دینے کی خواہش رکھتا ہے ۔