جکارتہ 23 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے آسیان کے ساتھ اپنے تعاون میں اضافہ کیلئے رضامندی کا اظہار کیا تاکہ روایتی اور غیر روایتی سکیوریٹی چیلنجس سے مشترکہ طور پر نمٹا جاسکے جو علاقہ کو درپیش ہیں۔ ہندوستان نے یہاں 10 بلاک کیلئے ایک مخصوص مشن کا افتتاح انجام دیا ۔ مشن کا افتتاح انجام دیتے ہوئے وزیر خارجہ سشما سواراج نے کہا کہ ہندوستان علاقہ میں اپنے دوستوں کی توقعات کے مطابق کام کرنے اور مزید سرگرم رول ادا کرنے تیار ہے ۔ اس تقریب میں آسیان کے سکریٹری جنرل لی لوانگ منہہ اور ڈائرکٹر جنرل آئی گسٹی اگونگ ویساکاپوجا نے بھی شرکت کی ۔ سشما سوراج نے کہا کہ اس دفتر کا قیام آسیان ممالک کے ساتھ اپنی مصروفیت میں اضافہ کرنے ہندوستان کا عکاس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے عہدیدار 2016 – 2021 تک آئندہ پانچ سال کیلئے ایک ایکشن پلان تیار کرنے میں مصروف ہیں تاکہ آسیان ۔ ہندوستان تعاون کو وسعت دی جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس تنظیم کو مزید موثر بنانے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر کام کرنے تیار ہیں۔ اس کے نتیجہ میں ہر شعبہ میں مختلف پراجیکٹس کے ذریعہ اشتراک میں اضافہ ہوسکتا ہے اور ایک دوسرے کو فائدہ ہوسکتا ہے ۔ وزیر خارجہ ہند نے کہا کہ آسیان ‘ ہندوستان کی مشرق کے ساتھ کام کرنے کی پالیسی میں اہمیت والی تنظیم ہے ۔ ہندوستان کی اس پالیسی کے ذریعہ مشرقی ایشیائی ممالک کے ساتھ تعلقات کو استحکام دیا جاسکتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہم آسیان کے رکن ممالک اور دوسرے مشرق ایشیا چوٹی کانفرنس میں شریک ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے تیار ہیں تاکہ علاقہ کو درپیش روایتی و غیر روایتی سکیوریٹی چیلنجس سے مشترکہ انداز میں نمٹا جاسکے ۔ اس کے ذریعہ علاقہ میں استحکام پیدا کیا جاسکتا ہے ۔ سشما سوراج ایشین ۔ افریقین کانفرنس میں شرکت کیلئے پانچ روزہ دورہ پر یہاں آئی ہوئی ہیں۔ آسیان سے متعلق کاموں کی دیکھ بھال اب تک یہاں ہندوستانی سفارتخانہ کے سپرد تھی تاہم اب خاص آسیان کیلئے علیحدہ دفتر قائم کردیا گیا ہے۔سشما سواراج نے کہا کہ وہ یہ اطلاع دیتے ہوئے خوشی محسوس کر رہی ہیں کہ ہندوستان نے آسیان ہندوستان تجارتی و خدمات و سرمایہ کاری معاہدہ کی توثیق کردی ہے ۔ اس معاہدہ پر گذشتہ نومبر میں دستخط کئے گئے تھے اور آسیان سے تعلق رکھنے والے کچھ دوسرے ممالک بھی اس کی توثیق کرچکے ہیں۔ ہندوستان نے اس معاہدہ کی توثیق کا آج کی تقریب میں اعلان کیا ہے ۔