ملک میں مذاہب ‘ ذات پات یا زبانوں کی بنیاد پر کوئی امتیاز نہیں ۔ وزیر اعظم کا خطاب
نئی دہلی 30 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستان کبھی جارحانہ عزائم والا نہیں رہا اور اس نے کسی اور کے علاقہ پر کبھی قبضہ نہیں کیا ہے ۔ اسے مذاہب ‘ دات پات یا زبانوں میں کوئی امتیاز نظر نہیں آتا ۔ بدھا پرنیما کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ کبھی کسی پر حملہ کرنے کی ہندوستان کی کوئی تاریخ نہیں ہے اور نہ ہی یہ روایت رہی ہے ۔ ہندوستان نے کسی نظریہ یا کسی ملک پر حملہ نہیں کیا ہے ۔ ہندوستان کبھی جارحیت پسند نہیں رہا ہے ۔ اس نے کبھی کسی اور ملک کے علاقہ پر قبضہ نہیں کیا ہے ۔ یہ تقریب وزارت کلچر کی جانب سے منعقد کی گئی تھی ۔ گوتم بدھ کی تعلیمات پر اظہار خیال کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ہندوستان میں پھلنے پھولنے والے تمام نظریات در اصل انسانیت کی بہتری پر مبنی ہیں ۔ انہو ںنے کہاکہ گوتم بدھا کی تعلیمات نے ہی کئی ایشیائی ممالک کے قومی کردار کو شکل دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جبکہ دہشت گردی ‘ ذات پات ‘ موروثی سیاست کو بدھا کی تعلیمات پر غلبہ حاصل ہو رہا ہے ‘ محبت اور دوستی کی باتیں آج کے دور میں بہت اہم اور ضروری ہوتی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں ‘ مذاہب کے مابین ‘ نسل اور ذات پات یا پھر زبانوں کے مابین امتیازات ‘ کبھی بھی ہندوستان کا پیام نہیں ہوسکتے اور نہ ہی یہ گوتم بدھ کی تعلیمات ہیں۔ اس طرح کی سوچوں کی کوئی جگہ نہیں ہوسکتی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس ملک میں کسی بھی ذات پات ‘ مذہب یا رنگ و نسل اور عقیدہ کے لوگوں کو قبول کیا جاتا ہے ۔ مودی نے یہودیوں اور پارسیوں کی مثال پیش کی اور کہا کہ یہ برادریاں کئی صدیوں سے ہندوستان میں مقیم ہیں اور وہ بھی ہندوستان کی شناخت کا حصہ بن گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر نے بھی گوتم بدھا کے راستہ کو اختیار کیا تھا ۔ انہوں نے بدھ مت کے آٹھ اصولوں کا اس موقع پر تذکرہ کیا اور کہا کہ آج ان کو اختیار کرتے ہوئے دنیا کو درپیش مسائل کا حل دریافت کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت عوام کی خدمت کے جذبہ سے کام کر رہی ہے ۔ اس سلسلہ میں انہوں نے اپنی حکومت کی اہم اسکیمات کا تذإرہ کیا اور کہا کہ غریب افراد کے بینک اکاؤنٹس کھولے جا رہے ہیں‘ کم قیمتی انشورنس شروع کیا گیا ہے ‘ غریب گھرانوں کو مفت گیس کنکشن دئے جا رہے ہیں۔