ہندوستان کے سرگرم کردار کے بغیر کثیر خطبی دنیا ناممکن

ترقی کے بارے میں ہندوستان کے جامع رویہ کی ستائش ‘ معتمد عمومی اقوام متحدہ گٹیرس کا دورہ
نئی دہلی ۔یکم اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اپنے اولین دورہ ہند پر معتمد عمومی اقوام متحدہ انٹونیو گٹیرس نے آج کہا کہ کثیر خطبی دنیا کا قیام ہندوستان کے سرگرم کردار کے بغیر ناممکن ہے ۔ انہو ںنے ہندوستان کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان تکثریت کا بنیادی ستون ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم کثیر خطبی دنیا کا تصور کرتے ہیں تو ہمیں محسوس ہوتا ہے کہ ہندوستان کے سرگرم کردار کے بغیر ایسا ناممکن ہے ۔ وہ یو این ہاؤز کے افتتاح کی تقریب میں تقریر کررہے تھے ۔ گٹیرس نے کہا کہ ہندوستان اب ایک عالمی طاقت بنتا جارہا ہے لیکن وہ ترقی کے تئیں ایک جامع رویہ رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو ہندوستان سے تعاون کے ساتھ جدوجہد کرنی چاہیئے ۔ اس کے کارخانوں کی مدد کرنا چاہیئے اور اس کی قیادت کی تائید کرنا چاہیئے تاکہ تبدیلی ماحولیات کے سلسلہ میں ترقی یافتہ پایہ دار مقاصد کا حصول ممکن ہوسکے ۔ گٹیرس ہندوستان کے دورہ پر آج ہی پہنچے ہے اور ان کا دورہ مہاتما گاندھی کی 150ویں یوم پیدائش تقاریب کے آغاز سے ہم آہنگ ہے ۔ اقوام متحدہ کے سربراہ ملک کی اعلیٰ سطحی قیادت بشمول وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کر کے عالمی مسائل جیسے تبدیلی ماحولیات اور دہشت گردی پر اپنے تین روزہ دورہ کے موقع پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ اور ہندوستان کے درمیان دہشت گردی کے مالیہ کا انسداد کرنے کیلئے تعاون ضروری سمجھتے ہیں۔ اپنے دورہ میں گٹیرس بین الاقوامی صفائی کنونشن میں بھی شرکت کریں گے اور آج مودی سے ملاقات کریں گے ۔