اسلام آباد 4 جون (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی سربراہ فوج جنرل راحیل شریف نے آج کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جنگ کا کوئی اندیشہ نہیں ہے اس لئے ہمیں ہندوستان کے بارے میں فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں ہے اگر بالفرض محال جنگ ہو بھی جائے تو پاکستانی فوج کسی بھی ’’جارحیت‘‘ کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ جب اُن سے ان کی صیانتی صورتحال کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ اُن کی صیانتی صورتحال بہتر ہورہی ہے اور اس میں مزید بہتری پیدا ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے ۔ دریں اثناء صدر پاکستان ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان کو ہندوستان سے بات چیت میں گہری دلچسپی ہے لیکن ’’مساوات کی بنیاد پر ‘‘وہ پاکستانی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے تیسرا پارلیمانی سال کے آغاز میں خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات ‘باہمی اعتماد اور تعاون کی بنیاد پر ہماری ترجیح ہیںلیکن ہم چاہتے ہیں کہ ہندوستان کو ایسے اقدامات کرنے چاہئے جس سے مسئلہ کشمیر کی یکسوئی اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی آرزووں کے مطابق ہوجائے اس سے امن کیلئے اس علاقہ میں ٹھوس بنیاد فراہم ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے بلا وجہ پاکستان کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ ترک کردیالیکن مسائل کی یکسوئی دونوں ممالک کے درمیان صرف مذاکرات کے ذریعہ ہی ممکن ہے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ہندوستان نے مذاکرات کے احیاء کا سنجیدگی سے اور اچھے ارادوں کے ساتھ آغاز کیا ہے ۔