ہندوستان کی پہلی اردو یونیورسٹی جامعہ عثمانیہ کی صد سالہ تقاریب کا افتتاح صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کریں گے

حیدرآباد ۔ 4۔ اپریل ( سیاست نیوز ) ہندوستان کی پہلی اردو یونیورسٹی جامعہ عثمانیہ کے قیام کے 100 سال مکمل ہورہے ہیں ۔ 27 ؍ اپریل کو شروع ہونے والی صد سالہ تقاریب کے سلسلہ میں تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں ۔ سابق ریاست حیدرآباد کے آخری فرمانروا نواب میر عثمان علی خان بہادرنے اس یونیورسٹی کا 26 ؍ اپریل 1917ء میں قیام عمل میں لایا تھا اور اردو ذریعہ تعلیم کی یہ پہلی یونیورسٹی تھی۔26؍ اپریل 2017ء کو اس کے 100 سال مکمل ہورہے ہیں ۔ اس صد سالہ تقاریب کا افتتاح صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کریں گے ۔ اس تقریب میں گورنر ای ایس ایل نرسمہن، تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ چندر شیکھر راؤ ، نائب وزیر اعلیٰ و وزیرتعلیم کڈیم سری ہری بھی شرکت کریں گے ۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ایس رامچندرم نے کہا کہ صد سالہ تقاریب کا پروگرام تین دن جاری رہے گا ۔ 26 ؍ اپریل کو دو پہر میں سمینار منعقد ہوگا جس کا موضوع قوم کی تعمیر میں عثمانیہ یونیورسٹی کا رول ہوگا ۔ 27 ؍ اپریل کی صبح نوبل لاریٹ لکچرر ہوگا ۔ اسرو کے چیرمین کرن کمار” خلاء میں ہندوستان ”کے موضوع پر لکچر دیں گے ۔ 27 ؍ اپریل کو دو پہر میں طلبائے قدیم کی میٹنگ ہوگی ۔ 28 ؍ اپریل کی صبح ملک بھر کی یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کی میٹنگ ہوگی ‘ طلبائے قدیم کی میٹنگ میں مہمان خصوصی کے طور پر مہاراشٹرا کے گورنر ودیا ساگر راؤ شرکت کریں گے جب کہ وائس چانسلرس کی میٹنگ کا افتتاح وزیر فروغ انسانی وسائل پرکاش جاؤڈیکر کریں گے ۔ 28 ؍ اپریل کی دو پہر ویژن آف عثمانیہ یونیورسٹی کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ صدی تقاریب سال بھر تک جاری رہیں گی اس دوران کئی پروگرامس جن میں سمینار ، بین الا قوامی سمینار ، کھیل کود ، کلچرل پروگرام شامل ہیں ‘ بڑے پیمانے پر منعقد کئے جائیں گے ۔ 3 ؍ جنوری 2018 ء سے 7 ؍ جنوری 2018ء تک یونیورسٹی میں انڈین سائنس کانگریس منعقد کی جائے گی جس میں مہمان خصوصی کے طور پر وزیراعظم نریندر مودی شرکت کریں گے ۔ انہوں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اندرون ایک سال یونیورسٹی کا صدر جمہوریہ پرنب مکرجی اور وزیراعظم نریندر مودی دورہ کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ ، اساتذہ اور تدریسی غیر تدریسی اہلکار کافی خوش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صد سالہ تقاریب کے موقع پر کئی چیزوں کو مد نظر رکھا جائے گا ۔ یونیورسٹی میں انفراسٹرکچر کی تعمیر کی بھی ضرورت ہے ۔ ہاسٹلس قدیم ہوچکے ہیں ۔ 10 نئے ہاسٹلس کی تعمیر بھی زیر غور ہے ۔ ایڈمنسٹریٹیو بلڈنگ کی نئی عمارت تعمیر کی جائے گی ۔