ہندوستان کی دو تہائی یونیورسٹیز کا معیار اوسط سے کم

انڈو ۔ گلوبل ایجوکیشن ایکسپو کا اعلان، ڈاکٹر سرینی بابو گیڈیلا و دیگر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 16 نومبر (سیاست نیوز) ڈاکٹر سرینی بابو گیڈیلا، سی ای او ، اومکس گروپ و نائب صدر انڈس فاؤنڈیشن نے کہاکہ ہندوستان کی تقریباً دو تہائی یونیورسٹیز اور 90 فیصد کالجس معیار کے اعتبار سے اوسط سے کم درجہ کے ہیں۔ اس سال 120 کالجس بشمول 94 مینجمنٹ کالجس امکان ہے کہ بند ہوجائیں گے کیونکہ کالجس نشستوں کو پُر نہیں کرپارہے ہیں۔ اُنھوں نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں انڈو گلوبل ایجوکیشن ایکسپو اینڈ سمٹ 2014 کا اعلان کیا جو 20 تا 23 نومبر میری گولڈ حیدرآباد میں منعقد ہوگی جس کا افتتاح توقع ہے کہ مرکزی وزیر لیبر و روزگار بنڈارو دتاتریہ کریں گے جس میں وزیر شہری ہوا بازی اور دیگر معززین شرکت کریں گے۔ ڈاکٹر گیڈیلا نے کہاکہ اعلیٰ تعلیم میں انرولمنٹ کی کم شرح کے تناظر میں جو ہندوستان میں صرف 18 فیصد ہے جبکہ یہ شرح چین میں 26 فیصد اور برازیل میں36 فیصد ہے، اس طرح کی تعلیمی کانفرنس کے انعقاد سے عوام میں اس تعلق سے بیداری پیدا کرنے میں مدد ہوگی۔ ڈاکٹر ارجولا آر ریڈی، پروفیسر اکلیربٹس یونیورسٹی آف حیدرآباد نے اپنے خطاب میں کہاکہ اگرچیکہ ہندوستان میں نوجوان میان پاور ہیں اور نوجوان مائینڈ پاور کی ضرورت ہے۔ مسٹر شیو کمار رنگٹا صدر فیاپسی نے کہاکہ صنعت اور تعلیم کے درمیان کافی خلیج ہے اور اسے کم کرنے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔ مذکورہ کانفرنس اسکل ڈیولپمنٹ سیکھنے کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرسکتے ہیں۔ ڈاکٹر حبیب گھٹالہ نے کہاکہ تعلیمی اداروں میں اچھی فیکلٹی کی ضرورت ہے اور یہ سمٹ اس طرح کے مسائل کو حل کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔