ہندوستان کی تاریخ کا افسوسناک دن : کانگریس

نئی دہلی 19 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج جسٹس لویا کی موت کی تحقیقات کی درخواستیں مسترد کردئے جانے والے سپریم کورٹ کے فیصلے پر سوال اٹھایا ہے اور کہا کہ یہ ہندوستان کی تاریخ کا افسوسناک دن ہے ۔ پارٹی نے اس معاملہ کی غیرجانبدارانہ تحقیقات پر زور دیا ہے ۔ کانگریس نے ان مقدمات میں پارٹی صدر راہول گاندھی کو ذمہ دار قرار دینے بی جے پی کے ریمارکس پر تنقید کی اور کہا کہ یہ بعض و کینہ والی کوششیں ہیں۔ پارٹی ترجمان رندیپ سرجیوالا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہندوستان کی تاریخ کا افسوسناک دن ہے ۔ جن مشکوک حالات میں لویا کی موت ہوئی تھی وہ ان افراد کیلئے تشویش کی بات تھی جو عدلیہ میں یقین رکھتے ہیں ۔ ابھی سارے فیصلے کی نقل دستیاب نہیں ہوئی ہے لیکن عدلیہ میں یقین رکھنے والوں کے اب بھی کچھ سوال ہیں۔ انہوں نے اس فیصلے کے تعلق سے 10 سوال اٹھائے اور کہا کہ بی جے پی کو عدالت کے فیصلے سے خوش ہونے اور خود کو شاباشی دینے کی ضرورت ہیں ہے ۔ بی جے پی در اصل اس فیصلے کی غلط تاویل پیش کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔