جموں 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) عسکریت پسند تنظیم داعش پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں اپنے قدم جمانے کی کوشش میں ہے۔ ایک سینئر فوجی عہدیدار نے بتایا کہ ہمیں دستیاب خفیہ اطلاعات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں داعش اس قدر طاقتور نہیں ہوئی ہے کہ دوسروں کیلئے خطرہ بن سکے لیکن اپنے قدم جمانے کی ممکنہ کوشش میں ہے۔ میڈیا میں شائع ان خبروں پر کہ مقبوضہ کشمیر میں اسلامک اسٹیٹ سے درپیش خطرہ اور جموں و کشمیر میں یہ تنظیم سر اُبھار رہی ہے۔ اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جنرل آفیسر کمانڈنگ 16 کارپس، لیفٹننٹ جنرل کے ایچ سنگھ نے بتایا کہ سرحد کے اُس پار پیرنیچال رینج میں 36 لانچ پیاڈ سے تقریباً 250 عسکریت پسند گھسنے کی تیاری میں ہیں اور پاکستانی سرحدوں کے اندر دہشت گردوں کے تربیتی کیمپس بھی چلائے جارہے ہیں۔ فوج نے بریگیڈیر محمد عثمان کی قربانی کی یاد میں جمعہ کو یہاں یوم جہانگیرا منایا جنھوں نے 1947-48 ء کے دوران ضلع راجوری کے نوشیرہ سیکٹر میں اپنی جان نچھاور کردی تھی۔ بریگیڈیر محمد عثمان نے نوشیرہ پر دوبارہ قبضہ اور جہانگیرا میں لڑائی کے دوران بحیثیت کمانڈر 50 پیراشوٹ بریگیڈ کلیدی رول ادا کیا تھا جس کے باعث انھیں نوشیرہ کا شیر کا خطاب دیا گیا اور بعداز مرگ مہاویر چکر ایوارڈ پیش کیا گیا۔