نئی دہلی۔ 16 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ملک میں سڈنی یرغمال واقعہ جیسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوجی صلاحیتوں پر یقین کا اظہار کرتے ہوئے وزیر دفاع منوہر پریکر نے آج کہا کہ ہندوستان ایسے کسی ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے پہلے سے زیادہ تیار ہے۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ کے مقابلے ہماری تیاری میں کافی بہتری آئی ہے۔ اس کا انحصار صورتحال پر ہوتا ہے کیونکہ ہر صورت حال ایک دوسرے سے مختلف ہوتی ہے، لیکن ہندوستان کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔ واضح رہے کہ کل مسلح افراد نے سڈنی کے ایک کیفے میں 17 افراد کو یرغمال بنالیا تھا۔ پولیس نے اس میں گھس کر بحران پر قابو پایا۔