اسلام آباد ۔ 25 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیردفاع منوہر پاریکر کے ان ریمارکس پر کہ دہشت گردوں کو صرف دہشت گردوں کے ذریعہ ہی ناکارہ بنایا جاسکتا ہے۔ پاکستان نے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت کے کارندہ کی جانب سے یہ انتہائی بدترین اعلان ہے اور اس سے توثیق ہوتی ہیکہ ہندوستان اپنے پڑوسیوں کے خلاف دہشت گردی کو اسپانسر کررہا ہے۔ وزیر دفاع پاکستان خواجہ آصف نے یہ بات کہی۔ منوہر پاریکر نے گذشتہ ہفتہ نئی دہلی میں ایک تقریب کے دوران یہ ریمارک کیا تھا جس پر پاکستان نے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پاریکر کا بیان پاکستان میں دہشت گردی کو اسپانسر کرنے کا کھلا اعتراف ہے۔ سرکاری پریس ایجنسی نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ پاریکر کے ریمارک ہمارے اس ادعا کی توثیق کرتے ہیں کہ پاکستانی سرزمین پر دہشت گردی میں ہندوستان ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے وزیردفاع نے جو بیان دیا ہے اس کے مطابق دہشت گردانہ سرگرمیوں سے نمٹنے قوانین کا سہارا نہیں لیا جائے گا بلکہ اس مقصد کیلئے دہشت گردی کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پاریکر کا بیان حکومت کے ایک کارندے کی جانب سے کیا جانے والا بدترین اعلان ہے اور اس بات کی توثیق کرتا ہیکہ ہندوستان دہشت گردانہ سرگرمیوں کی روک تھام کے نام پر پڑوسی ممالک کے خلاف دہشت گردی کو اسپانسر کررہا ہے۔ جمعرات کو پاریکر نے کہا تھاکہ ہندوستان ممبئی دہشت گردانہ حملوں جیسی کارروائیوں کو روکنے اسی طرح کے اقدامات کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دہشت گردوں کو صرف دہشت گردوں کے ذریعہ ناکام بنانا چاہئے۔ ہفتہ کو دفتر خارجہ کی جانب سے وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے مشیر سرتاج عزیز کا ایک بیان جاری کرتے ہوئے پاریکر کے بیان کی مذمت کی گئی۔ بیان میں سرتاج عزیز نے کہا کہ پاریکر کا بیان پاکستان کے ان اندیشوں کی توثیق کرتا ہے کہ ہندوستان پاکستان میں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہے۔