ہندوستان نے چار پاکستانی قیدی رہا کردیئے

لاہور ۔ 2 ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج چار پاکستانی قیدیوں کو لاہور کے قریب واگھا بارڈر پر رینجرز حکام کے حوالے کردیا۔ رہائی پانے والوں میں محمد عالمگیر، حافظ نعمان بٹ، شاہنواز اور جاوید عالم شامل ہیں جو عرصہ دراز سے ہندوستان کی مختلف جیلوں میں قید تھے۔ ان میں سے تین عام شہری جبکہ ایک ماہی گیر ہے۔پاکستان نے چند روز قبل کراچی سے 40ہندوستانی قیدیوں کو جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کیا تھا۔ پاکستان اور ہندوستان سمندری حدود کی خلاف ورزی پر ایک دوسرے کے ماہی گیروں کو گرفتار کرتے رہتے ہیں۔ایک اندازے کے مطابق کراچی میں واقع ملیر جیل میں 419 ہندوستانی ماہی گیر قید ہیں جبکہ ہندوستان میں 400 کے قریب پاکستانی مچھیرے مختلف جیلوں میں سزا کاٹ رہے ہیں۔