ہندوستان نے واضح کردیا کہ وہ خوفزدہ نہیں ہوگا : بھاگوت

الہ آباد ۔ 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے واضح کردیا ہیکہ وہ صیانت اور دفاع کے معاملات میں خوفزدہ نہیں ہوگا۔ آر ایس ایس کے سرسنچالک موہن بھاگوت نے آج کہاکہ مودی حکومت ملک کے عالمی موقف کو بہتر بنانے کیلئے قابل ستائش ہے۔ بھاگوت کا تبصرہ اس پس منظر میں اہمیت رکھتا ہیکہ ہندوستان اور چین نے ڈوکلم میں حالیہ صف آرائی کے تنازعہ کی یکسوئی کرلی ہے۔ آر ایس ایس کے سربراہ نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہیکہ ہندوستان کبھی بھی صیانت اور دفاع کے معاملہ میں کسی کے آگے گھٹنے نہیں ٹیکے گا۔ موہن بھاگوت آنجہانی سابق وزیراعظم لال بہادر شاستری کی یاد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے مودی حکومت کے ’’سوچھ بھارت‘‘ اقدام کی بھی ستائش کی ۔