ہندوستان میں 30 کروڑ عوام ہنوز نہایت غریب

نئی دہلی ۔ 4 فبروری (سیاست ڈا ٹ کام) تقریباً 30 کروڑ عوام ہندوستان میں ہنوز نہایت غربت گذار رہے ہیں جبکہ ہزارہ ترقیاتی نشانہ (ایم جی ڈی) پروگرام ڈسمبر میں اختتام پذیر ہوجائے گا، اقوام متحدہ کی رپورٹ میں یہ بات کہی گئی۔ ہندوستان اور اس پروگرام کے زیرعنوان رپورٹ میں بتایاگیا کہ ہندوستان میں اب بھی لگ بھگ 300 ملین لوگ نہایت غربت زدہ ہیں اور بنیادی سہولیات بشمول تعلیم ، صحت ، پانی ، صاف صفائی اور برقی تک رسائی کے معاملہ میں محرومی کا شکار ہیں۔ ہندوستان جس کی آبادی زائد از 125 کروڑ ہے، اس نے 2000ء میں اقوام متحدہ کے ایم جی ڈی پروگرام کو اس مقصد کے ساتھ اختیار کیا تھا کہ غربت و افلاس سے متاثر کروڑہا لوگوں کو ناخواندگی، ناقص صحت جیسی پریشانیوں سے بھی چھٹکارا دلایا جاسکے۔ ہندوستان نے اس پروگرام میں یوں تو اچھی پیشرفت کی لیکن اب بھی تن آسانی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔