ہندوستان میں ہر 10 میں 3 شہری غریب

نئی دہلی 6 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم کی معاشی مشاورتی کمیٹی کے سابق صدر نشین سی رنگا راجن کی قیادت والے ایک پیانل نے ملک میں غربت کے تعلق سے تنڈولکر کمیٹی کی رپورٹ کا جائزہ لیا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ 2011 – 12 میں ملک میں غریبوں کی تعداد 29.5 فیصد تک رہی ہے ۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہندوستان میں ہر 10 میں 3 شہری غریب ہیں۔ وزیر منصوبہ بندی راؤ اندر جیت سنگھ کو قبل ازیں پیش کردہ رپورٹ کے بموجب جو افراد شہری علاقوں میں یومیہ 47 روپئے سے کم خرچ کرتے ہیں انہیں غریب سمجھا جاسکتا ہے ۔ سریش تنڈولکر کمیٹی نے ماضی میں کہا تھا کہ یومیہ 33 روپئے سے کم خرچ کرنے والوں ہی کو غریب کہا جاسکتا ہے ۔ رنگا راجن پیانل کے تخمینہ کے مطابق 2009 – 10 میں ہندوستان میں غریبوں کی شرح 38.2 فیصد تھی جو 2011 – 12 میں گھٹ کر 29.5 فیصد ہوگئی تھی ۔ تنڈولکر کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ 2009 – 10 میں ہندوستان میں غریبوں کی تعداد 29.8 تھی اور 2011- 12 میں یہ گھٹ کر 21.9 فیصد تک رہ گئی تھی ۔ گذشتہ سال تنڈولکر کمیٹی رپورٹ پر مبنی منصوبہ بندی کمیشن کے غربت سے متعلق تخمینہ پر ہنگامہ ہوا تھا ۔