ہندوستان میں کوئی اقلیت نہیں : آر ایس ایس

ناگپور 13 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان میں کوئی اقلیتیں نہیں ہیں اور ثقافتی ‘ قومی اور ڈی این اے کے اعتبار سے سب ہی ہندو ہیں۔ آر ایس ایس کے سینئر لیڈر دتاتریہ ہسبولے نے آج یہ بات کہی ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے سوال کیا کہ آپ کس کو اقلیت کہیں گے ؟ ۔ ہم کسی کو بھی اقلیت نہیں سمجھتے ۔ ملک میں اقلیت کا کوئی نظریہ نہیں رہے گا کیونکہ کوئی بھی اقلیت نہیں ہے ۔ سہ روزہ اکھل بھارتیہ پرتی ندھی مہاسبھا کے آغاز کے بعد ہس بولے نے کہا کہ موہن بھاگوت ( آر ایس ایس سربراہ ) نے بیسیوں بار کہا ہے کہ جو کوئی ہندوستان میں پیدا ہوئے ہیں وہ ہندو ہیں ۔ چاہے یہ لوگ اس ادعا کو قبول کریں یا نہ کریں۔ وہ ثقافتی ‘ قومی اور ڈی این اے کے اعتبار سے ہندو ہی ہیں۔

ان سے سوال کیا گیا تھا کہ آیا آر ایس ایس میں اقلیتوں اور خواتین کی شمولیت کی بھی اجازت دی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کی شاکھاوں میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جنہیں اقلیت کہا جاتا ہے ۔ وہ لوگ شاکھاؤں میں والینٹرس ہیں۔ ہس بولے آر ایس ایس کے جوائنٹ جنرل سکریٹری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین بھی راشٹریہ سیویکا سمیتیوں میں شامل ہیں اور وہ آر ایس ایس کی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یقینا خواتین شاکھاؤں میں شامل نہیں ہیں لیکن وہ ہرجگہ ہیں۔ وہ سیوا سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور مکمل والینٹرس کی ذمہ داری نبھا رہی ہیں۔ ان میں کئی ایک پرتی ندی سبھا میں بھی شامل ہیں۔ آر ایس ایس ہندوستانی باشندوں کو ہندو قرار دینے کی وقفے وقفے سے کوشش کرتی رہی ہے ۔