گرگاؤں 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج کہا ہے کہ بین الاقوامی کارپوریٹ اداروں کے ہندوستان میں داخلوں کے قانون کو سہل بنانے اور بلند شرح ترقی کے ساتھ انسداد غربت محصولیاتی پالیسیوں میں یکسانیت پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ دارالحکومت کے مضافات میں واقع مینجمنٹ ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے کانوکیشن سے مخاطب کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ انسداد غربت کا مؤثر طریقہ کار بلند شرح ترقی کا حصول ہے۔ صرف معیشت سے غربت کا خاتمہ ممکن نہیں تھا یہ تو غربت کو تقسیم کرتی ہے۔ وزیر فینانس نے یہ نشاندہی کی کہ شرح ترقی کو فروغ دینے کے لئے ہمہ قومی کارپوریشنس کے داخلوں کے ضوابط و قواعد کو آسان بنانے کی ضرورت ہے جس کے ذریعہ روزگار کے مواقع دستیاب اور حکومت کے وسائل میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ ہندوستان میں عالمی کارپوریٹ اداروں کی حوصلہ افزائی اور ترغیب کیلئے انٹری پوائنٹ قائم کیا گیا ہے اور یہاں بزنس کرنے کیلئے سازگار ماحول بنایا جارہا ہے اور اس خصوص میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی بجائے وسیع النظری سے سیاسی فیصلے کئے جارہے ہیں اور محصولیاتی پالیسیوں کو وقفہ وقفہ سے تبدیل کرنے کے بجائے انھیں ٹھوس اور مضبوط بنایا جارہا ہے تاکہ ہندوستان بھی عالمی مسابقت میں شامل ہوسکے۔ اُنھوں نے بتایا کہ جاریہ مالیاتی سال کے دوران ہماری معاشی ترقی 7.4 فیصد ہوجائے گی اور آئندہ مالیاتی تک یہ 8.8 تک پہنچ جائے گی۔ قبل ازیں این ڈی اے حکومت نے مختلف شعبوں بشمول انشورنس و دفاع میں بیرونی سرمایہ کاری کے قواعد کو آسان بنایا تھا۔