ہندوستان میں سیکولرازم کی جڑیں مضبوط و مستحکم: شاہی امام

اکشرا دھام کیس میں مسلمانوں کی رہائی سے انصاف کا تقاضہ پورا ہوا
نئی دہلی۔/23مئی، ( فیکس ) شاہی امام مسجد فتحپوری دہلی مفتی مکرم احمدنے مسلمانوں سے اپیل کی کہ 26مئی بروز پیر شب معراج کو عبادت ،ذکر و شکر ، توبہ و استغفار میں گزاریں اور27مئی کو روزہ کا اہتمام کریں کیونکہ اس کی بہت فضیلت ہے۔ مسجد فتحپوری میں 26مئی کو بعد نماز عشاء شب معراج کی فضیلت پر شاہی امام کا بیان ہوگا۔ شاہی امام نے کہا کہ اکشر دھام گجرات کے مقدمہ میں 11سال بعد سپریم کورٹ کے فیصلہ سے پانچ مسلمانوں کی رہائی پر ہر مسلمان خوش ہے

اور ہمیں روشنی اور انصاف کی کرن نظر آرہی ہے۔ نچلی عدالت اور ہائی کورٹ نے سرسری سماعت میں انہیں پھانسی کی سزا سنادی تھی اگر اس پر عملدرآمد ہوتا تو بے قصور مسلمانوں کی شہادت افسوسناک ہوتی۔ خدا کا شکر ہے کہ سپریم کورٹ نے انصاف کا تقاضہ پورا کیا، اب وقت ہے کہ ان پولیس افسروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور رہا ہونے والوں کو معاوضہ یا ملازمت دی جائے۔ شاہی امام نے کہا کہ ہندوستان میں حکومت بننے جارہی ہے ہمیں اس بات سے اچھی امیدیں رکھنی چاہیئے۔

اٹل بہاری واجپائی کی طرح یہ حکومت بھی کام کرے گی ایسی توقع ہے اور ہندوستانی مسلمانوں کو تحفظ اور امن فراہم کرایا جائے گا اور بدعنوانی کو ختم کرتے ہوئے ترقی ( وکاس ) کی طرف خصوصی توجہ دی جائے گی۔ الیکشن 2014ء کا نتیجہ خدا کی مرضی ہے اور اس پر ہمیں مطمئن رہنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں سیکولرازم کی بنیادیں مستحکم ہیں۔ انہوں نے سارک ممالک اور نواز شریف کو دعوت دیئے جانے کو ایک مثبت قدم بتایا۔ انہوں نے کہا کہ جناب نریندر مودی کو ان تمام ہندوستانیوں کا اعتماد جیتنا چاہیئے جنہوں نے بی جے پی کو ووٹ نہیں دیا۔ شاہی امام مفتی مکرم نے مسجد اقصیٰ پر یہودیوں کی یلغار اور اسرائیلی دہشت گردی اور جارحیت کی شدید مذمت کی اور اتحاد کے ساتھ اس کا مقابلہ کرنے کی اپیل کی۔