پارلیمنٹ کا اظہار یگانگت ، ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ دینے لوک سبھا ارکان کا فیصلہ
نئی دہلی۔ 27 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )زلزلے کی وجہ سے ہندوستان میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 72 ہوگئی ہے ۔ حکومت نے پڑوسی ملک نیپال میں بچاؤ اور راحت کاری سرگرمیاں تیز کردی ہیں تاکہ زلزلے سے تباہ حال اس ملک کو جاری بحران سے نمٹنے میں مدد مل سکے ۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے لوک سبھا کو بتایا کہ مہلوکین کی تعداد 72 ہوگئی ہے ۔ بہار میں سب سے زیادہ 56ہلاکتیں ہوئیں جبکہ اترپردیش میں 12 ، مغربی بنگال میں3 اور راجستھان میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ حکومت نے پڑوسی ملک نیپال میں متاثرین کو راحت پہونچانے کیلئے ’’آپریشن مائیتری‘‘ شروع کیا ہے ۔ راج ناتھ سنگھ نے بتایا کہ نیشنل ڈیزاسسٹر ریسپانس فورس کی 10ٹیمیں پہلے سے نیپال میں موجود ہے اور مزید چھ ٹیمیں روانہ کی جارہی ہیں۔ اس کے علاوہ ایک انجینئرنگ ٹاسک فورس اور 18 میڈیکل یونٹس بھی بھیجے جائیں گے ۔ بنا پائلیٹ کی فضائی گاڑی بھی روانہ کی جائے گی تاکہ نیپال میں ہوئے نقصانات کا اندازہ لگایا جاسکے ۔ انھوں نے بتایا کہ اب تک 2500 سے زیادہ ہندوستانی شہریوں کا نیپال سے تخلیہ کیا گیا اور وہاں پھنسے دیگر بیرونی شہریوں کو ہندوستان آنا چاہتے ہیں انھیں فری ویزا فراہم کئے جارہے ہیں۔ پارلیمنٹ نے آج پڑوسی ملک نیپال سے یگانگت کا اظہار کیا ہے ۔ لوک سبھا ارکان نے ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ دینے کا فیصلہ کیا۔ لوک سبھا و راجیہ سبھا میں زلزلے کی وجہ سیط انسانی جانوں کے اتلاف پر افسوس کا اظہار کیا گیا ۔ آج صبح لوک سبھا کی کارروائی جیسے ہی شروع ہوئی اسپیکر سمترا مہاجن نے زلزلہ کی وجہ سے نیپال اور ہندوستان میں ہوئی اموات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ تمام ارکان نے کچھ دیر خاموشی اختیار کرتے ہوئے مہلوکین کو خراج پیش کیا۔ راجیہ سبھا میں وزیر اُمور خارجہ سشما سوراج نے بتایا کہ ہندوستان نے کل رات خراب موسم اور مابعد زلزلوں کے جھٹکوں کے علاوہ بارش کے باوجود پروازوں کا سلسلہ جاری رکھا ۔ انھوں نے کہا کہ کل 13 پروازوں کا انتظام کیا گیاتھا ۔ اس موقع پر کئی ارکان نے ڈیزاسٹسر ریسپانس میکانزم کو مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے آج ایک ماہ کی تنخواہ پرائم منسٹر نیشنل ریلیف فنڈ میں بطور عطیہ دینے کا اعلان کیا۔ وزیراعظم کے دفتر نے یہ بات بتائی ۔ حکومت نے پہلے ہی زلزلے سے ہلاک ہونے والوں کے ورثاء کو فی کس دو لاکھ روپئے اور زخمیوں کو پچاس ہزار روپئے نیشنل ریلیف فنڈ سے دینے کا اعلان کیا ہے ۔