ہندوستان میں اسلامی اقدار کی پاسبانی و تحریک قابل قدر

اے وی کالج میں سمینار سے پروفیسر محمد عثمان و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 5 ۔ فروری : ( راست ) : اے وی کالج گگن محل میں دو روزہ قومی سمینار بعنوان ’ تحریک آزادی ہند میں عربی و اردو اساتذہ کی ناقابل فراموش خدمات ‘ کا افتتاح پروفیسر محمد عثمان نے شمع روشن کر کے کیا ۔ پروفیسر رامچندرا ریڈی سکریٹری ، جناب کے پرتاپ ریڈی صدر ، ڈاکٹر رگھویر ریڈی کرسپانڈنٹ ڈاکٹر پی یادگیری پرنسپل اے وی کالج نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا ۔ جس میں پروفیسر واجدہ فرزانہ مدراس یونیورسٹی ، ڈاکٹر جویریہ سلطانہ کرناٹک یونیورسٹی ، دہلی اور کلکتہ یونیورسٹی کے مندوبین کے علاوہ مقامی یونیورسٹیز جیسے مولانا آزاد اردو نیشنل یونیورسٹی ، ایفلو اور جامعہ عثمانیہ کے علماء شامل ہیں نے شرکت کی ۔ ڈاکٹر پی یادگیری پرنسپل و ڈائرکٹر سمینار نے خطبہ استقبالیہ دیا ۔ کنوینر میر مسعود علی الازہری لکچرر عربی کالج ہذا نے سمینار کی افادیت و عربی علوم کی ترویج و تطورات کو پیش کیا ۔ پروفیسر مہ جبین اختر صدر شعبہ عربی جامعہ عثمانیہ و سکریٹری جنرل آل انڈیا عربک ٹیچرس اسوسی ایشن نے اپنے کلیدی خطبہ میں آزادی ہند سے قبل و بعد آج تک تحریک آزادی ہند میں قربانیاں دینے والوں کے ناموں کا ذکر کیا اور خاص طور پر خواتین کی ملی ، سماجی ، علمی ، ادبی و قومی خدمات پر روشنی ڈالی ۔ مہمان خصوصی پروفیسر محمد عثمان ( واشنگٹن ڈی سی ) امریکہ نے خصوصی خطاب عربی اردو انگلش میں کیا ۔ اور حالات حاضرہ پر روشنی ڈالتے ہوئے سمینار کے معاونین و ڈائرکٹر و کنوینر کو مبارکباد پیش کیا ۔ خطبہ صدارت جناب کے پرتاپ ریڈی نے علامہ اقبال کے شعر ’ مذہب نہیں سکھاتا آپس میں بیر رکھنا ۔ ہندی ہیں ہم وطن ہے ہندوستاں ہمارا ‘ سے خطبہ صدارت کا آغاز کیا اور اسلامی اقدار کی پاسبانی و اسلام کی نشرو اشاعت ہندوستان میں حقائق پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ ساری دنیا میں اسلام اپنے اعلی اصولوں مساوات ، بھائی چارگی کی وجہ سے پھیلا نہ کہ جبر و تشدد طاقت و تلوار کے زور پر یہ بات بالکل غلط ہے ۔ کنوینر میر مسعود علی الازہری نے شکریہ ادا کیا ۔۔