ہندوستان فرقہ پرست بن جائے تو کشمیر ساتھ نہیں رہ سکتا : فاروق عبداللہ

سرینگر۔27اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) نیشنل کانفرنس صدر فاروق عبداللہ کی انتخابی ریالی کے دوران زوردار دھماکہ کی آواز سنائی دی جس سے عوام میں خوف ہراس کی کیفیت پیدا ہوگئی تھی ۔ پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ سرینگر کے خان یار علاقہ میں جہاں یہ ریالی منعقد کی گئی تھی زوردار دھماکہ کی آواز سنائی دی ۔عینی شاہدین کا کہناہے کہ یہ آواز کسی گرینیڈ دھماکہ کی طرح تھی جس کی وجہ سے عوام میں خوف و ہراس کی کیفیت پیدا ہوگئی جو فاروق عبداللہ کی تقریر سننے کیلئے یہاں جمع ہوئے تھے ۔ فاروق عبداللہ ابھی تقریر کیلئے یہاں نہیں پہنچے تھے کہ یہ واقعہ پیش آیا ۔ بعدازاںفاروق عبداللہ نے کہا کہ عوام کو یہ دُعا کرنی چاہیئے کہ خدا اس ملک کو فرقہ پرست طاقتوں سے بچائے۔ ہندوستان فرقہ پرست نہیں بن سکتا ۔ اگر یہ فرقہ پرست بن گیا تو کشمیر ہندوستان کے ساتھ نہیں رہے گا ۔فرقہ پرستی کشمیری عوام کیلئے قابل قبول نہیں ۔